آصف علی زرداری کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت فاروق ایچ نائیک کی عدم دستیابی کے باعث بغیر کارروائی کے 7 اگست تک ملتوی

منگل 4 اگست 2020 17:20

آصف علی زرداری کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت فاروق ایچ نائیک کی عدم دستیابی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2020ء) احتساب نے سابق آصف علی زرداری کے خلاف دائر جعلی اکاونٹس کیسز اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی میں غیر قانونی ٹھیکوں پر نیب ریفرنس کی سماعت فاروق ایچ نائیک کی عدم دستیابی کے باعث بغیر کارروائی کے 7 اگست تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے آصف زرداری کی ریفرنس خارج کرکے بری کرنے کی درخواست پر نیب سے جواب طلب کر لیا۔

منگل کو احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

فاروق ایچ نائیک کے معاون وکیل اسد عباسی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ریفرنس خارج کرنے کی درخواست پر فیصلے تک فرد جرم عائد نہ کی جائے۔ جج محمد اعظم خان نے استفسار کیا کہ فاروق ایچ نائیک کہاں مصروف ہیں جس پر اسد عباسی ایڈوکیٹ نے بتایا کہ کشمیر کے حوالے سے سنیٹ کا اجلاس ہے، فاروق ایچ نائیک وہاں مصروف ہیں۔ عدالت نے آصف علی زرداری کی ایک روزہ حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کر لی۔ ساتھ ہی آصف زرداری کی ریفرنس خارج کرکے بری کرنے کی درخواست پر نیب سے جواب طلب کر تے ہوئے سماعت 7 اگست تک ملتوی کر دی۔