چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرصدارت پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق اجلاس

بدھ 5 اگست 2020 19:44

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2020ء) الیکشن کمیشن کا پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق اہم اجلاس بدھ کو منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سکندر سلطان راجہ نے کی۔ اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن، وزیر قانون پنجاب و پارلیمانی امور محمد بشارت راجہ اور الیکشن کمیشن کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس حکومت پنجاب کی درخواست پر منعقد کیا گیا۔ پنجاب حکومت نے پنجاب ویلج پنچایت اینڈ نیبر ہوڈ کونسلز ایکٹ 2019ء کی دفعہ 27 کے تحت درخواست کی تھی کہ صوبہ پنجاب میں لوکل گورنمنٹ الیکشن کے انعقاد کی تاریخ مقرر کرنے کے حوالے سے وہ الیکشن کمیشن سے مشاورت کرنا چاہتے ہیں۔ سیکریٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب نے الیکشن کمیشن کو بریف کیا جس پر الیکشن کمیشن نے وضاحت طلب کی کہ کیا پنجاب حکومت مرحلہ وار انتخابات یا ایک ہی تاریخ میں انتخابات کرانا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن نے اس سلسلے میں حکومت پنجاب سے تجاویز مانگیں اور پنجاب حکومت نے باور کرایا کہ وہ چند دنوں میں ایک جامع تجویز الیکشن کمیشن کو غور کے لئے بھجوائیں گے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے تجویز آنے کے بعد الیکشن کمیشن کا صوبائی حکومت کے عہدیداران کے ساتھ دوبارہ اجلاس ہوگا تاکہ الیکشن کے انعقاد کے سلسلے میں مزید اقدامات اٹھائے جا سکیں۔

علاوہ ازیں الیکشن کمیشن کو صوبہ خیبر پختونخوا اور صوبہ سندھ میں الیکشن کے انعقاد کے سلسلے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کی طرف سے ابھی مختلف قوانین کی انفورسمنٹ کا نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے الیکشن کمیشن کو الیکشن کے انعقاد کے لئے مشکلات کا سامنا ہے۔ الیکشن کمیشن نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کو ہدایات جاری کیں کہ سیکریٹری لوکل گورنمنٹ خیبر پختونخوا کے ساتھ میٹنگ کی جائے تاکہ وہ ضروری قانون سازی مکمل کرے اور الیکشن کمیشن صوبہ میں لوکل گورنمنٹ الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنا سکے۔

صوبہ سندھ جہاں پر بلدیاتی اداروں کی مدت 30 اگست 2020ء کو ختم ہو رہی ہے، اس کے بارے میں الیکشن کمیشن نے دفتر کو ہدایات جاری کیں کہ صوبہ میں حلقہ بندیوں کے حوالے سے ابتدائی کام مکمل کیا جائے تاکہ صوبہ میں فوری لوکل گورنمنٹ کی حلقہ بندیوں کا آغاز ہو سکے۔ الیکشن کمیشن نے الیکشن مٹیریل اور دیگر انتظامات کے حوالے سے حکم دیا کہ الیکشن کمیشن کے متعلقہ ونگز اور صوبائی الیکشن کمشنر صاحبان اپنے کام کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔