صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ،

چیف آرگنائزر تحریک انصاف سیف اللہ خان نیازی سے ملاقات

جمعہ 7 اگست 2020 19:33

صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2020ء) صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف اللہ خان نیازی سے ملاقات کی۔ انہوں نے اس موقع پر پنجاب میں شعبہ صحت میں کی جانے والی اصلاحات پر جامع بریفنگ دیتے ہوئے صوبے میں کوروناء جیسی موذی مرض سے نمٹنے کی حکمت عملی اور متاثرہ شہریوں کو علاج معالجے کی فراہم کردہ سہولیات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم اور شعبہ صحت سے وابستہ عملے کی محنت سے وباء کے خلاف نمایاں کامیابی حاصل ہوئی ہے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ وباء کے خلاف صف اول میں جہاد کرنے والے ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس خصوصی تحسین کے مستحق ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کے احتیاط اور حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کا سلسلہ جاری رہنا چاہئیے۔ چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف اللہ خان نیازی نے اس موقع پر کہا کہ محدود وسائل اور مشکل حالات میں پنجاب کے عوام کو کوروناء سے محفوظ بنانے پر صوبائی حکومت مبارکباد کی مستحق ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے تعاون اور مربوط حکمت عملی نے کروناء کی پسپائی میں کلیدی کردار ادا کیا، سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ ہنگامی حالات میں حاصل شدہ تجربے سے شعبہ صحت کی آئندہ ترقی میں کافی مدد ملے گی،انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی تحریک انصاف کے منشور کے بنیادی اجزاء میں سے ایک ہے، سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ تحریک انصاف شعبہ صحت کی اصلاح و ترقی کے حوالے سے صوبائی حکومت کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔