پیپلزپارٹی کا نیب کاروائیوں کیخلاف غیرملکی سفیروں کو خطوط ارسال کرنے کااعلان

نیب میں تحقیقاتی افسران کا کوئی تجربہ نہیں، نیب انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کررہا ہے، نیب کو استعمال کرنے والوں سے باز پرس کی جائے،نیب کا معاملہ ہیومن رائٹس کمیٹی میں بھی اٹھائیں گے۔چیئرمین پیپلزپارٹی کے ترجمان کی پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 7 اگست 2020 19:04

پیپلزپارٹی کا نیب کاروائیوں کیخلاف غیرملکی سفیروں کو خطوط ارسال کرنے ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 اگست 2020ء) چیئرمین پیپلزپارٹی کے ترجمان مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے نیب کی کاروائیوں کیخلاف غیرملکی سفیروں کو خطوط ارسال کرنے کااعلان کردیا، نیب میں تحقیقاتی افسران کا کوئی تجربہ نہیں، نیب انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کررہا ہے، نیب کا معاملہ ہیومن رائٹس کمیٹی میں بھی اٹھائیں گے۔

انہوں نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ نیب انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کررہا ہے۔ہیومن رائٹس سے نیب کو استعمال کرنے والوں سے بازپرس کا مطالبہ کریں گے۔ پیپلزپارٹی آئندہ چند روز میں تمام رپورٹس غیرملکی سفارتکاروں کے سامنے رکھے گی۔چند روز قبل سپریم کورٹ نے بھی نیب کیخلاف سنگین سوالات اٹھائے۔ہم اس معاملے کو ہیومن رائٹس کمیٹی میں اٹھائیں گے۔

(جاری ہے)

اب اتنے ثبوت آچکے ہیں کہ ہیومن رائٹس کمیٹی بھی کہے گی نیب کا ادارہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے اس پر پابندی عائد کی جائے۔اس وقت عوام کے ایشو ہیں، 86فیصد پاکستانی روزگار اور 83 فیصد مہنگائی سے پریشان ہیں،حکومت صرف دکھاوے کے کام کررہی تاکہ اصل ایشو سامنے نہ آسکیں۔نیب ہر اس آواز کو دبانے کیلئے استعمال ہورہا ہے جو حکومت کیخلاف بلند ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب جو کہ لاپتا کمیشن کے سربراہ ہیں، ان کو کمیٹی نے بلایا تھا، ان سے لاپتا افراد سے متعلق سوال کیے گئے ، اسی طرح اس معاملے کو بھی ہیومن رائٹس کمیٹی کے سامنے رکھیں گے، نیب کو سیاسی انجینئرنگ کیلئے استعمال کیا جارہا ہے، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کو اپنے ادوار میں جہاں این ایف سی ، اٹھارویں ترمیم میں اتفاق رائے سے کام کیا، وہاں نیب کو بھی ختم کرنا چاہیے تھا۔

دوسری جانب نیب نے وائٹ کالر کرائم کی مئوثر تفتیش کیلئے اسپیشل سیل قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اسپیشل سیل میں تجربہ کار تفتیشی افسران اور بینکرز شامل ہوں گے۔ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس، فرانزک ، انکم ٹیکس ماہرین اور وکلاء شامل ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ماہرین وائٹ کالر کرائمز کی تفتیش میں نیب افسران کی معاونت کریں گے۔ اسپیشل سیل تحقیقات میں مختلف اداروں سے رہنمائی لینے کا مجاز ہوگا۔اسپیشل سیل کا قیام چیئرمین نیب کی ہدایت پر عمل میں لایا گیا ہے۔