صوبہ خیبرپختونخوا کی6 قبائلی اضلاع سمیت صوبہ کے مخصوص 21 اضلاع میں پانچ روزہ انسدادپولیو مہم 13اگست سے شروع ہو گی

پانچ سال سے کم عمر کے تقریباً45 لاکھ62 ہزار790 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائینگے،پولیو ورکرزکورونا سے متعلق حکومتی ہدایات کے مطابق تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گے

ہفتہ 8 اگست 2020 22:24

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2020ء) صوبہ خیبرپختونخوا کی6 قبائلی اضلاع سمیت صوبہ کے مخصوص 21 اضلاع میں پانچ روزہ انسدادپولیو مہم تقریباً پانچ ماہ کے تعطل کے بعد آئندہ ہفتے جمعرات 13 اگست 2020سے شروع ہورہی ہے جس کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے تقریباً45 لاکھ62 ہزار790 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پولیو ورکرزکورونا سے متعلق حکومتی ہدایات کے مطابق تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گے۔

باخبرذرائع کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے قبائلی اضلاع خیبر‘ باجوڑ‘ اورکزئی‘ کرمُ ‘شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان کے علاوہ پشاور‘ مردان‘ نوشہرہ‘ چارسدہ‘ صوابی‘ بونیر‘ لوئر دیر‘ اپر دیر‘ کوہاٹ‘ کرک‘ ہنگو‘ بنوں ‘ لکی مروت‘ ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 13 اگست 2020 سے پانچ روزہ خصوصی انسدادپولیو مہم شروع ہورہی ہے جو 17 ااگست 2020 تک جاری رہے گی ۔

(جاری ہے)

اس مہم کے دوران صوبہ کے مخصوص 21 اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر 45 لاکھ 62 ہزار790 بچوں کو پولیو کے دو قطرے پلائے جائیں گے۔سرکاری ذرائع کے مطابق اس خصوصی مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے سیکیورٹی کے فل پروف انتظامات کئے گئے ہیں جہاں مجموعی طورپر 14435 موبائل اور 1229 فکسڈ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ سرکاسری ذرائع کے مطابق پشاور میں سب سے زیادہ 742903 ‘ مردان میں 375844 اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 305685 بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقررکیا گیا ہے۔

قبائلی ضلع مہمند سمیت صوبے کے کئی اضلاع ایبٹ آباد‘ ہری پور‘ مانسہرہ‘ کوہستان‘ مالاکنڈ‘ سوات اورچترال میں پولیو کے خلاف مہم نہیں چلائی جارہی۔واضح رہے کہ ملک کے 31 اضلاع میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی کل تعداد63 ہوگئی ہے جن میں سب سے زیادہ خیبرپختونخوا کی6 اضلاع میں 22 ‘ صوبہ سندھ کے 12اضلاع میں21 ‘ صوبہ بلوچستان کے 10 اضلاع میں15 جبکہ پنجاب کے 3اضلاع میں 5 کیسز شامل ہیں۔