اماراتی ریاست ابوظبی میں پچھلی گاڑیوں کو راستہ نہ دینے پر ہزاروں افراد کو جرمانے

پولیس کے مطابق اگلی گاڑیوں سے محفوظ فاصلہ نہ رکھنے پر بھی لوگوں کی بڑی گنتی کا چالان کیا گیا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 10 اگست 2020 15:47

اماراتی ریاست ابوظبی میں پچھلی گاڑیوں کو راستہ نہ دینے پر ہزاروں افراد ..

ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10 اگست 2020ء) پاکستان میں اکثر افراد آگے جاتی گاڑیوں سے محفوظ فاصلہ نہیں رکھتے یا پھرکئی ڈھیٹ ڈرائیورز کا پیچھے سے آنے والی گاڑیوں کو راستہ دینے کو دل نہیں کرتا ۔ مگر امارات میں ایسی حرکات کرنا بہت مہنگا پڑتا جاتا ہے۔ ابوظبی پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اماراتی قانون کے مطابق آگے جاتی گاڑیوں سے محفوظ فاصلہ رکھ کر گاڑی نہ چلانا ٹریفک قانون کی خلاف ورزی ہے ، اسی طرح بائیں جانب والی پہلی لین کی گاڑیوں کو پیچھے سے آنے والی تیز رفتار گاڑی کو لازمی راستہ دینا ہوتا ہے، اگر کوئی ڈرائیور پچھلی گاڑی کو آگے گزرنے کا راستہ نہیں دیتا تو وہ ٹریفک خلاف ورزی کا مرتکب ہوتا ہے۔

ان دونوں خلاف ورزیوں پر 400 درہم کا جرمانہ عائدکیا جاتا ہے اس کے علاوہ ڈرائیونگ لائسنس پر 4 بلیک پوائنٹس کا اندراج بھی سزا کے طور پر ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق سال 2020ء کے پہلے چھ ماہ میں اگلی گاڑیوں سے محفوظ فاصلہ نہ رکھنے اور پچھلی گاڑیوں کو راستہ نہ دینے پر 13,700 ڈرائیورز پر جرمانے عائد کیے گئے۔ جنوری 2020ء میں اس نوعیت کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کے لیے نیا سمارٹ سسٹم متعارف کرایا گیا تھا جو ریڈارز کی مدد سے گاڑیوں کا درمیانی فاصلہ اور راستہ نہ دینے والے ڈرائیورز کی خلاف ورزیاں کامیابی سے نوٹ کر رہا ہے۔

اس کے علاوہ ڈیوٹی پر موجود ٹریفک اہلکاروں نے بھی یہ خلاف ورزیاں نوٹ کی ہیں۔ محکمہ ٹریفک کے مطابق اس سلسلے میں الیکٹرانک و سوشل میڈیا کے ذریعے بھی ایک آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے، جس کے مستقبل میں مثبت نتائج نکلنے کی توقع ہے۔ گاڑیوں کے درمیان محفوظ فاصلے سے حادثات کا امکان کم ہو جاتا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں زیادہ تر حادثات گاڑیوں کے درمیان محفوظ فاصلہ نہ ہونے سے پیش آتا ہے۔