صوبہ بھر میں سیلاب اور بارشوں سے کافی نقصان ہوا ہے، خاص طور پر جھل مگسی میں انفرااسٹرکچر، لوگوں کی املاک کو نقصان پہنچا ہے، ضلع جھل مگسی کے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دیا جائے،سابق گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار علی مگسی

منگل 11 اگست 2020 00:19

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2020ء) سابق گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار علی مگسی نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں سیلاب اور بارشوں سے کافی نقصان ہوا ہے خاص طور پر جھل مگسی میں انفرااسٹرکچر اور لوگوں کی املاک کو نقصان پہنچا ہے لہذا ضلع جھل مگسی کے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دیا جائے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگا کر متاثرہ علاقوں و افراد کی جلد بحالی کے لیے صوبائی حکومت کو ہر ممکن مدد فراہم کرنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ بارشوں کے باعث ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کی وجہ سے بہت سے علاقوں سے ابھی تک سڑک کے ذریعے رابطہ بحال نہیں ہوسکا ہے جس کے باعث لوگوں کو مشکلات درپیش آرہی ہیں۔ سابق گورنر کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے تاہم متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر لوگوں کے لیے صاف خوارک اور پینے کے لیے صاف پانی کا انتظام کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کو تمام متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپ قائم کرنے چاہیے تاکہ آنے والے دنوں میں بیماریاں وباء کی شکل اختیار نہ کریں۔ سابق گورنر نے اس امر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں سالانہ کروڑوں ایکڑ فٹ بارشوں کا پانی ضائع ہوجاتا ہے لہذا سیلاب اور بارشوں کے پانی کو محفوظ بنانے کے لئے ڈیمز کی تعمیر ناگزیر ہے۔