حکومت پنجاب کی کاشتکاروں کوکھاداور بیجوں پر سبسڈی کی فراہمی جاری ہے، ترجمان محکمہ زراعت

بدھ 12 اگست 2020 22:27

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2020ء) حکومت پنجاب کاشتکاروں کو سمارٹ سبسڈی اور وزیر اعظم پاکستان کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت فاسفورسی ، پوٹاش کھادوں اور گندم،کپاس،دھان ،سورج مکھی ،کینولہ،مونگ اور تل کے بیجوں پر سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق ان تمام سکیموں کے لئے فنڈز کی دستیابی موجود تھی تاہم کاشتکاروں کی طرف سے فنڈز میں وقتی قلت دیکھی گئی اور اس قلت کا بروقت ازالہ عمل میں لایا گیا۔

(جاری ہے)

سبسڈی کی مانیٹرنگ کی گئی ہے اور پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی سے کمپیوٹررائزڈ ریکاڈ کے حامل کاشتکار وں کو فوری ادائیگی کی گئی جبکہ باقی ماندہ کاشتکاروں کو سبسڈی کے واؤچر کی تصدیق کے بعدجلد ادائیگی کا عمل جاری ہے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ صوبہ پنجاب میں مالی سال 2019-20کے دوران ای واؤچر پر مبنی سمارٹ سبسڈی سکیم کے ذریعے 3 لاکھ50 ہزار کاشتکار کھادوں اور 1 لاکھ کاشتکار بیجوں کی سبسڈی سے مستفید ہوئے ہیں اور ان سبسڈی سکیموںکے تحت اب تک 2 ارب8 کروڑ90 لاکھ روپے کی ادائیگی عمل میں لائی جا چکی ہے ۔