یوم ۱ٓزادی پاکستان کے حوالے سے موٹر سائیکل کی ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف بھر پور انداز میں کریک ڈائون شروع، ٹریفک پولیس کے اینٹی ون ویلنگ سکواڈز اور ٹریفک وارڈنز کی ٹیمیں سرگرم

جمعرات 13 اگست 2020 12:15

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2020ء) یوم ۱ٓزادی پاکستان کے حوالے سے موٹر سائیکل کی ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف بھر پور انداز میں کریک ڈائون شروع کردیا گیا ہے اور ٹریفک پولیس کے اینٹی ون ویلنگ سکواڈز و ٹریفک وارڈنز کی ٹیمیں سرگرم عمل ہیں جبکہ ون ویلنگ کرتے ہوئے پکڑے جانے والے نوجوانوں کے والدین کے خلاف بھی اعانت جرم میں مقدمات درج کرنے کا اعلان کیا گیا ہے نیز موٹر سائیکل بحق سرکار ضبط اور چھ سے دو سال تک کی سزا بھی ہوگی۔

دریں اثناء سٹی پولیس اور ٹریفک پولیس کی جانب سے ۱ٓج یوم آزادی کے موقع پر ون ویلنگ، خطرناک و تیز رفتار ڈرائیونگ اور ہلڑ بازی کی روک تھام کیلئے انسدادی اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ ون ویلنگ کے خونی اور خطرناک کھیل کو روکنے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کی طرف سے وسیع تر اقدامات پرعملدرآمد کویقینی بنایا جائے گا جبکہ اس سلسلہ میں شاہرات خصوصی طور پر کینال ایکسپریس وے ‘ جھنگ روڈ ‘ ستیانہ روڈ ‘ جڑانوالہ روڈ سمیت ون ویلنگ کی دیگرممکنہ جگہوں پرخصوصی سکواڈز گشت کریں گے اور جو کوئی بھی ون ویلنگ کرتے ہوئے پایا گیا وہ نہ صرف خود جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوگا بلکہ ان کے والدین کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں ہو سکتی ہے جبکہ ون ویلرز کی موٹر سائیکل بحق سرکار ضبط ہو گی اور چھ سے دو سال تک کی سزا بھی ہوسکتی ہے ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے مزید فیصلہ کیا گیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ون ویلنگ کیلئے موٹر سائیکل میں تبدیلی / ترمیم کرنے والے مکینکس کے خلاف بھی قانونی کارروائی ہوگی ۔