شامی مہاجرین کے لئے قطر کی فراخ دلانہ امداد خطے کے تمام ممالک کیلئے قابل تقلید ہے، شہریارآفریدی

پاکستان اور قطر کی دوستی سفارتی تعلقات کا ایک نمونہ ہی. وزیر مملکت شہریار خان آفریدی کا قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن التھانی سے ملاقات میں اظہار خیال

جمعرات 13 اگست 2020 18:01

شامی مہاجرین کے لئے قطر کی فراخ دلانہ امداد خطے کے تمام ممالک کیلئے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2020ء) ریاستوں اور سرحدی علاقوں کے وزیر مملکت شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ قطر اور پاکستان کی دوستی سفارتی تعلقات کا ایک نمونہ ہے اور دونوں ممالک جنگوں اور تنازعات سے متاثرہ مہاجرین اور بے گھر افراد کی مدد کے لئے کوشاں رہیں گے۔ شہریار آفریدی نے ان خیالات کا اظہار قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن التھانی سے قطر کے سفارتخانہ میں ملاقات میں کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے طریقوں کے علاوہ مشترکہ دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ قطر کی حکومت جس طرح سے ترکی میں شامی مہاجرین کی مدد کررہی ہے وہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان گذشتہ 40 سالوں سے ساڑھے تین لاکھ افغان مہاجرین کی ضروریات کو پورا کررہا ہے اور ہم جانتے ہیں کہ ان مہاجرین کی میزبانی کس قدر مشکل امر ہے۔

(جاری ہے)

افغانستان کے ساتھ ہماری لمبی سرحد ہے اور ہمارے پاس بہت سارے افغان مزدور اور طلباء بھی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہاجرین کے علاوہ بھی 12 ملین افراد بے وطن ہیں جنھیں خوشحال دنیا کی مدد اور سہارے کی ضرورت ہے۔ وزیر نے کہا کہ جب ہم انسانیت کی بات کرتے ہیں تو ہمیں ضرورت مندوں کی مدد کرنے کی ضرورت ہے،45000 کے قریب کشمیری بے وطن لوگ پاکستان میں آباد ہیں ہیں جنھیں بھارت کی غیر قانونی قابض حکومت گھروں اور ریاست سے بے دخل کیا ہے۔

انہیں ہمارے تعاون کی ضرورت ہے۔ شہریار خان آفریدی نے کہا کہ قطر کے وزیر اعظم وزیر اعظم عمران خان کے دل کے بہت قریب ہیں اور وہ قطری قیادت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لبنانی حکومت کو قطری امداد امت مسلمہ کی مدد کے لئے ایک بہت بڑا قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان تعلقات ہر دن کے ساتھ مضبوط اور مضبوط ہوتے جائیں گے۔

قطری سفیر نے کہا کہ قطر پاکستانیوں کے لئے دوسرا گھر ہے اور قطر کی حکومت نے اس میں جانے والے پاکستانی کارکنوں کی تعداد کو دوگنا کردیا ہے جو قطر کی ترقی میں حصہ ڈال رہے ہیں۔ہم پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری بڑھانے پر راضی ہیں۔ پاکستانی بہادر لوگ ہیں اور پاک فوج قطری مسلح افواج کو تربیت دے رہی ہے اور پولیس ٹرینر بھی قابل ذکر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم COVID-19 بیماری کے متاثرین کی امداد کے لئے فنڈز مختص کرنا چاہتے ہیں اور ہم اسپتالوں میں جاکر ناداروں کی مدد کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قطر کی سرکاری ایجنسیوں نے سال 2005 میں آزاد جموں و خیبر پختونخوا میں زلزلے کے متاثرین کے لئے بھی مدد فراہم کی تھی۔