آزادی بہت بڑی نعمت اور پاکستان اللہ کا انعام ہے،مجید غوری

اس کی بنیادوں میں مزدوروں کا لہو بھی شامل ہے ہم قائد اعظم، علامہ اقبال سمیت جس جس نے پاکستان بنانے میں کردار ادا کیا سب کوسلام عقیدت پیش کرتے ہیں، چیئرمین عوامی رکشہ یونین پاکستان

جمعہ 14 اگست 2020 22:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اگست2020ء) عوامی رکشہ یونین پاکستان کے مرکز ی چیئرمین مجید غور ی نے کہا ہے کہ آزادی بہت بڑی نعمت اور پاکستان اللہ کا انعام ہے ۔اس کی بنیادوں میں مزدوروں کا لہو بھی شامل ہے ہم قائد اعظم، علامہ اقبال سمیت جس جس نے پاکستان بنانے میں کردار ادا کیا سب کوسلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔پاکستان کو عظیم مملکت بنانے اوراس کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہداء کو بھی سلام پیش کرتے ہیں اور اللہ کے حضور ان کے دراجات کی بلندی کیلئے دعا گو ہیں۔

پاک فوج، فضائیہ ، بحریہ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروںکے جوان ہمارا فخر ہیں یہ سرحدوں پرجاگتے ہیں تو ہم پرسکون نیند سوتے ہیں۔لیکن پاکستان کی شہ رگ یعنی مقبوضہ کشمیر دشمن کے پنجے میں ہے جہاں بھارت نے ظلم اور درندگی کی انتہا کر رکھی ہے ۔

(جاری ہے)

جب تک کشمیر آزاد نہیں ہو گا پاکستان کی آزادی نا مکمل ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم آزادی کے موقع پر پاکستان مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پاکستان مارچ میں عوامی رکشہ یونین ، پاکستان ٹرانسپورٹ کونسل، عوامی ایمبولینس یونین، عوامی مزدور یونین، عوامی کیٹرنگ یونین،عوامی ویگن یونین، عوامی ٹرانسپورٹ یونین، عوامی ٹیکسی یونین، عوامی سکول وین یونین، عوامی ویگن یونین کے کارکنان کے علاوہ ، طلباء ، سول سوسائٹی اور عوامی پاسبان کے ہزاروں کارکنان و عہدیداران نے اپنی موٹر سائکلوں، کاروں ، ویگنوں ، رکشوں، ٹیکسیوں ، ایمبولینسوں، مزدا ٹرکوں، فلائنگ کوچز، چنگ چی رکشوں ،لگژری گاڑیوںپر اور پیدل قومی پرچم اٹھائے شرکت کی۔

پاکستان مارچ کی قیادت عوامی رکشہ یونین کے چیئرمین مجید غوری، پاکستان ٹرانسپورٹ کونسل کے چیئرمین حاجی تنویر خان، صدر چوہدری فلک شیر، حاجی رفاقت ، ذیشان اکمل ، عزیز عباسی، عبدالرزاق،وارث جوئیہ ، فیاض شاہ، تنویر شاہ،اے ڈ ی فیصل و دیگر نے کی۔ مجید غوری کا کہنا تھا کہ آج تجدید عہد کا دن ہے آج ہم عہد کرتے ہیں کہ اس کی حفاظت کیلئے کسی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ہم اپنی فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ دشمن کی اینٹ سے اینٹ بجانے کیلئے ہر وقت تیا رہیں۔