اب سب مل کر کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے کام کریں گے

پاک فوج کے اعلیٰ افسر کی موجودگی میں پاکستان تحریکِ انصاف، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان معاہدہ طے پا گیا

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر اتوار 16 اگست 2020 06:41

اب سب مل کر کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے کام کریں گے
کراچی (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 اگست 2020ء) اب سب مل کر کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے کام کریں گے۔ پاک فوج کے اعلیٰ افسر کی موجودگی میں پاکستان تحریکِ انصاف، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان معاہدہ طے پا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے اپنی نوعیت کا ایک اہم معاہدہ طے پا گیا ہے۔ سینیئر صحافی ارشاد بھٹی نے اس خبر کو کراچی اور پاکستان کے لیے بڑی خبر قرار دیا ہے۔

عوامی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر انہوں نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ الحمداللہ! کراچی کے لیے اور پاکستان کے لیے ایک بڑی خبر ہے کہ پاک فوج کے اعلیٰ افسر کی موجودگی میں پاکستان تحریکِ انصاف، پاکستان پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان ایک معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے بعد اب سب مل کر کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے کام کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے معاہدے سے متعلق نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کرے یہ معاہدہ دیر پا ثابت ہو۔ 
اس سے قبل سینیئر اینکر پرسن کامران خان نے بھی ٹوئیٹر پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں اس خبر سے متعلق بتایا تھا۔ انہوں نے اس خبر کو بہت بڑی بریکنگ نیوز قرار دے دیا تھا۔ اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک عظیمُ الشان پیش رفت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اب سے تھوڑی قبل حکمران جماعت کا پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے ساتھ ایک معاہدہ طے پایا ہے جس میں ایک ساتھ مل کر کراچی کی تعمیر و ترقی کا عہد کیا گیا ہے۔ 
ان نے بتایا کہ معاہدے کے وقت افواج پاکستان کے ایک انتہائی سینیئر افسر کے ساتھ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ، سعید غنی، ناصر شاہ، اسد عمر، علی زیدی اور وسیم اختر موجود تھے۔