ایم سی آئی بورڈ ٹیکس کے نوٹس فوری واپس لے، طاہر عباسی

ملٹی سٹوری پارکنگ وقت کی اہم ضرورت ہے، خالد چوہدری

جمعرات 20 اگست 2020 18:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2020ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ٹریڈرز ویلفیئر کمیٹی کا ایک اجلاس کمیٹی کے کنوینر خالد محمود چوہدری کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں مختلف مارکیٹوں کے عہدیداران نے شرکت کی۔ ایک قرار داد کے ذریعے مئیر اسلام آباد شیخ انصر عزیز سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فوری طور پر بورڈ ٹیکس کے نوٹس واپس لینے کے احکامات جاری کریں۔

ایک دوسری قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ سی ڈی اے مختلف مراکز میں ملٹی سٹوری پارکنگ پلازے تعمیر کرے اور مارکیٹوں کو کھنڈرات میں تبدیل ہونے سے بچانے کیلئے ان میں فوری ترقیاتی کام شروع کرائے۔ اجلاس میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی، سابق صدر محمد اعجاز عباسی ، ایف ایٹ مرکز کے صدر اور اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدر سردار طاہرمحمود، سپر مارکیٹ کے سیکرٹری جنرل محمد حسین، جناح سپر مارکیٹ کے صدر ملک ربنوازاور سیکرٹری جنرل عبدالرحمٰن صدیقی، فرنیچر مارکیٹ سے زاہد احمد اور بہارہ کہو سے نوید عباسی سمیت چوہدری ظفر اقبال گجر، چوہدری عرفان، مشرف جنجوعہ، محمد کاشف، چوہدری اشرف، چوہدری زاہد رفیق، وسیم عباسی، سید الطاف حسین شاہ ، چوہدری اشرف فرزند، اشفاق چھٹہ، احمد خان، یاسر عباسی، راجہ سفیر، وقاص جنجوعہ، سعید احمد بھٹی، محبوب احمد خان اور پی ٹی آئی ٹریڈرز ونگ کے چیف کوآرڈینیٹر چوہدری ندیم الدین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی نے کہا کہ گذشتہ تقریبا پانچ سالوں سے اسلام آباد کی کسی بھی مارکیٹ میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوئے حالانکہ ٹیکسوں کی وصولی پہلے سے زیادہ ہے۔ انہوںنے کہا کہ اگر مارکیٹوں کو اسی طرح نظرانداز کیا جاتا رہا تو یہ جلد ہی کھنڈرات میں تبدیل ہو جائیں گی لہذا سی ڈی اے مارکیٹوں کی بہتر ترقی پر فوری توجہ دے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق سینئر نائب صدر اور چیمبر کی ٹریڈرز ویلفیئر کمیٹی کے کنوینر خالد محمود چوہدری نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایم سی آئی نے یکطرفہ طور پر بورڈ ٹیکس غیر قانونی طور پر بڑھا دیئے ہیں اور کسی بھی سٹیک ہولڈر کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز فوری طور پر بورڈ ٹیکس کے نوٹس واپس لینے کے احکامات جاری کریں اور کسی بھی قسم کا ٹیکس بڑھانے سے پہلے قانون تقاضے پورے کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ایم سی آئی کیلئے کوئی مجسٹریٹ موجود نہیں جبکہ موجودہ مجسٹریٹ صرف سی ڈی اے کیلئے ہے اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے ایم سی آئی کا کوئی نوٹیفیکیشن جاری ہی نہیں کیا۔ پی ٹی آئی ٹریڈرز ونگ کے کوآرڈینیٹر اور ٹاسک فورس کے چیئرمین چوہدری ندیم الدین نے کہا کہ موجودہ حکومت تاجروں کے مسائل حل کرنا چاہتی ہے لیکن ایم سی آئی اور سی ڈی اے کے باہمی اختلافات کی وجہ سے رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے تاہم بہت جلد تمام رکاوٹیں دور کر لی جائیں گی۔

اجلاس سے محبوب احمد خان، ملک ربنواز، چوہدری ظفر اقبال، عرفان چوہدری، محمد حسین، نوید عباسی اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور مطالبہ کیا کہ اسلام آباد کے مختلف مراکز میں ملٹی سٹوری پارکنگ پلازے تعمیر کئے جائیں اور تجاوزات کے خاتمہ کیلئے تاجر نمائندوں کو اعتماد میں لیا جائے۔