بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 36 لاکھ 94 ہزار سے تجاوز کرگئی، 65ہزار سے زائد افراد ہلاک

منگل 1 ستمبر 2020 13:28

بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 36 لاکھ 94 ہزار سے تجاوز ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2020ء) بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 36 لاکھ 94 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، اس مہلک وائرس کے باعث اب تک ملک میں 65ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ منگل کوبھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں مسلسل اضافہ کے بعد اب مریضوں کی تعداد میں کمی آئی ہے تاہم یہ تعداد اب بھی تشویسناک حد تک زیادہ ہے۔

بھارت میں اس وقت کورونا وائرس کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 3694878 جبکہ فعال متاثرین کی تعداد 7 لاکھ 90 ہزار سے زائد ہے، ملک میں اب تک کورونا وائرس سے 65469 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ بھارتی وزارت صحت کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ 28 لاکھ 40 ہزار سے زائد افراد اب تک صحتیاب ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق ملک میں مسلسل پانچ دن تک کرونا وائرس کے 75 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مریضوں کی تعداد میں کمی آئی ہے اور یہ تعداد کم ہوکر 70 ہزار ہوگئی ہے۔

وزارت صحت کے جاری اعداد وشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 69921 نئے کیسز کے ساتھ متاثرین کی مجموعی تعداد 3694878 ہوگئی ہے۔ بھارت میں مزید 819 کورونا متاثرین کی ہلاکت کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 65469 تک پہنچ گئی ہے۔ دریں اثناء بھارت میں کورونا وائرس کے بعد عائد پابندیوں اور لاک ڈاؤن سے معاشی سرگرمیاں رواں سہ ماہی کے دوران بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔

اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ملک میں دوبارہ لاک ڈاؤن کیا گیا تو معیشت بالکل تباہ ہوجائے گی۔ بھارت میں معاشی صورت حال کے دوران کورونا کی وبا پھوٹ پڑی جس سے معیشت کی حالت اور بری ہوگئی ہے۔ کورونا کے باعث اس سال مارچ میں بھارت میں فیکٹریوں اور کاروبار کو بند کرنا پڑا جس سے معاشی سرگرمیاں ختم ہوکر رہ گئی ہیں۔