بزدار حکومت کا عوام کو دہلیز پرسہولتوں کی فراہمی کیلئے بڑا اقدام، گاڑیوں کی رجسٹریشن کیلئے بائیو میٹرک نظام متعارف کرانے کی منظوری

شہریوں کو محکمہ ایکسائز وٹیکسیشن کے چکر لگانے سے نجات ملے گی،نادرا آفس اور بااختیار ڈیلرز کے شورومز پر بھی بائیو میٹرک تصدیق کی سہولت ہوگی گاڑیوں کی رجسٹریشن کے پرانے نظام کو تبدیل کر کے جدید تقاضوں کے ہم آہنگ کررہے ہیں:عثمان بزدار شہریوں کی آسانی کیلئے موبائل فون کے ذریعے بائیومیٹرک تصدیق کے عمل کا جائزہ لیا جائے، جامع پلان تیارکرکے سفارشات پیش کی جائیں

منگل 1 ستمبر 2020 20:03

بزدار حکومت کا عوام کو دہلیز پرسہولتوں کی فراہمی کیلئے بڑا اقدام، گاڑیوں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 ستمبر2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کیلئے بائیو میٹرک نظام متعارف کرانے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ گاڑیوں کی رجسٹریشن ٹرانسفر آرڈرفارم کی بجائے بائیو میٹرک تصدیق کے ذریعے ہوسکے گی اور اس کیلئے پنجاب موٹر وہیکلز رولز1969میں ضروری ترامیم کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ گاڑیوں کی رجسٹریشن کے پرانے نظام کو تبدیل کر کے جدید تقاضوں کے ہم آہنگ کررہے ہیں۔شہری نادرا اورایکسائز کے دفاتر میں بائیو میٹرک تصدیق کراکر گاڑیوں کی رجسٹریشن کراسکیں گے۔گاڑیوں کے بااختیار ڈیلرز کے شوروم پر بھی بائیو میٹرک تصدیق کی سہولت ہوگی اور شہریوں کو محکمہ ایکسائز وٹیکسیشن کے دفاترکے چکر لگانے سے نجات ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو رجسٹریشن کرانے میں مزید آسانیاں دینے کیلئے گھر میں موبائل فون کے ذریعے بائیو میٹرک تصدیق کرانے کے عمل کا جائزہ لیا جائے اور اس ضمن میں جامع پلان تیار کر کے جلد حتمی سفارشات پیش کی جائیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کے اجراء کے عمل کو مزید تیز کیا جائے ۔ نمبر پلیٹس نہ ملنے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے،یہ مسئلہ جلد حل کرنا چاہتا ہوں۔

نمبر پلیٹس کے اجراء میں پہلے ہی دیر ہوچکی،اب مزید تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سے متعلقہ امور، گاڑیوں کی رجسٹریشن کے نئے نظام اور نمبر پلیٹس کے اجراء کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن حافظ ممتاز احمد،چیف سیکرٹری ،سیکرٹری خزانہ ،ایم ڈی پیپرا،سیکرٹری قانون،سیکرٹری ایکسائز و ٹیکسیشن،چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ،ڈی جی ایکسائز،سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔