ایلون مسک نے دولت میں مارک زکربرگ کو پیچھے چھوڑ دیا

امریکی ٹیکنالوجی کمپنیز کے مالک ایلون مسک کی دولت میں رواں سال دگنا اضافہ ہوا ،رپورٹ

بدھ 2 ستمبر 2020 16:25

ایلون مسک نے دولت میں مارک زکربرگ کو پیچھے چھوڑ دیا
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2020ء) امریکی ٹیکنالوجی کمپنیز ٹیسلا، اسپیس ایکس، نیورا لنک اور دی بورنگ کمپنی کے بانی 49 سالہ ایلون مسک کی دولت میں اضافہ ہونے کے بعد وہ دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص بن گئے۔ایلون مسک کی دولت میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران تقریبا 30 ارب ڈلر کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد وہ اب صرف بل گیٹس اور جیف بزوز سے غریب رہ گئے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ ماہ 22 اگست کو ہی ایلون مسک دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص بنے تھے اور اس وقت ان کے اثاثوں کی مالیت 84 ارب ڈالر سے زائد تھی۔لیکن اب ان کے اثاثوں میں مزید اضافہ ہوگیا، جس کے بعد انہوں نے دولت میں فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ یکم ستمبر کو ایلون مسک کی مجموعی دولت 115 ارب ڈالر ہوگئی، جس کے بعد وہ مارک زکربرگ سے بھی آگے نکل گئے۔

(جاری ہے)

ایلون مسک کی دولت میں حالیہ اضافہ ان کی کار ساز کمپنی ٹیسلا کے شیئرز کی قدر میں اضافے سے ہوا اور مجموعی طور پر رواں سال ان کی ٹیسلا سمیت دیگر کمپنیوں کے شیئرز میں اضافے سے ان کی دولت میں دگنا اضافہ ہوا ۔ایلون مسک کی دولت 115 ارب ڈالر ہونے کے بعد اب وہ صرف دنیا کے دو ہی افراد مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس اور ایمازون اسٹور کے بانی جیف بزوز سے ہی غریب رہ گئے ۔

اس وقت دنیا کا سب سے امیر ترین شخص ایمازون کا بانی جیف بزوز ہے، جس کی دولت 200ارب ڈالرز سے زائد جب کہ مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس 126ڈالرز کے ساتھ دوسرے امیر ترین شخص ہیں۔ایلون مسک 115ارب ڈالر کے ساتھ تیسرے جب کہ مارک زکربرگ 112 ارب ڈالر کے ساتھ دنیا کے چوتھے امیر شخص ہیں۔دنیا کے پانچویں امیر شخص فرانسیسی کاروباری شخص برنارڈ ارنالٹ ہیں۔