نیمارجونیئر سمیت 3 بڑے فٹبالرز کو کورونا ہوگیا

تینوں کھلاڑی چیمپئنز لیگ فائنل میں شکست کے بعد ہسپانوی جزیرے ایبیزا پر چھٹیاں منانے گئے تھے جہاں وہ دوستوں، رشتہ داروں کی پارٹیوں میں شریک ہوئے،ذرائع کی نیمار، اینجل ڈی ماریا، لینڈرو پریڈس کے کورونا کا شکار ہونیکی تصدیق

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 3 ستمبر 2020 14:00

نیمارجونیئر سمیت 3 بڑے فٹبالرز کو کورونا ہوگیا
پیرس (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 ستمبر 2020ء ) برازیل کے معروف فٹبالر نیمار بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ فٹبال کلب پیرس سینٹ جرمین سے منسلک برازیلین فٹبال اسٹار نیمار اور دیگر دو کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ کلب نے اپنے بیان میں کھلاڑیوں کے نام تو ظاہر نہیں کیے لیکن تصدیق کی ہے کہ تین کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جس کے بعد تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

کلب کے مطابق تمام کھلاڑیوں اور کوچنگ عملے کے ٹیسٹ کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اے ایف پی کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے کھلاڑیوں کے ناموں کے حوالے سے کلب سے رابطہ کیا تو انہوں نے نام ظاہر کرنے سے انکار کر دیا تاہم ذرائع نے نیمار، اینجل ڈی ماریا، لینڈرو پریڈس کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی ہے۔ یاد رہے کہ مذکورہ تینوں کھلاڑی چیمپئن لیگز کے فائنل میں شکست کے بعد ہسپانوی جزیرے ایبیزا پر چھٹیاں منانے گئے تھے جہاں وہ دوستوں اور رشتہ داروں کی پارٹیوں میں شریک ہوئے۔ اس لیے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ تینوں کھلاڑی وہیں سے کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے۔