پنجاب حکومت کا 100میگا واٹ سستی ترین سولر انرجی کا معاہدہ خوش آئند ہے ‘اعظم چوہدری

سستی بجلی سے صنعتوں کی پیداواری لاگت میں کمی سے برآمدات بڑھیں گی معیشت مستحکم ہوگی‘چیئرمین ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن

جمعہ 4 ستمبر 2020 14:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2020ء) چیئرمین ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن لاہورا عظم چوہدری نے پنجاب حکومت کی طرف سے چوبارہ ضلع لیہ میں 100میگا واٹ کا ملکی تاریخ کا سستی ترین سولر انرجی معاہدہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب تک کیے گئے تمام معاہدوں میں کم ترین ٹیرف3.7سینٹ پر بجلی حاصل کی جائے گی ۔انہوںنے کہا کہ مرکزی حکومت بھی تمام معاہدوں پرمزید نظرثانی کرے اور اسی طرح پرائیویٹ پاور پلانٹ سے کم ترین ریٹ پر معاہدے کرکے عوام کو سستی بجلی فراہمی کے وعدوں کو پورا کیا جائے ۔

ممتاز صنعتکار و سینئر وائس چیئرمین وسیم چاولہ نے کہا کہ مہنگی بجلی صنعتی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے اس لیے حکومت صنعتی شعبہ سمیت ملک بھر میں عوام کو سستی بجلی کی فراہمی یقینی بنائے اور سولر انرجی کے فروغ کیلئے سولر سسٹم پر تمام ٹیکسوں کو ختم کرکے عوام کور عایتی نرخوں پر سبسڈی دے کر سولر پینل کی فراہمی یقینی بنائے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے وائس چیئرمین انجینئر خرم کے ساتھ ٹائون شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اعظم چوہدری نے کہا کہ موجودہ حکومت کی طرف سے سستی بجلی کے حصول کے لیے آئی پی پیز سے از سو معاہدوں اور پنجاب حکومت کی طرف سے کم ترین نرخوں پر 100میگا واٹ سولر انرجی معاہدوں سے سستی بجلی کا حصول ممکن ہوسکے گا اس لیے حکومت اب عوام کو فی یونٹ بجلی سستی کرکے فوری ریلیف فراہم کرے تاکہ مہنگی بجلی استعمال کرنے والے سکھ کا سانس لے سکیں۔بجلی سستی ہونے سے صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں کمی سے اشیاء سستی اور برآمدات میں اضافہ سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ سے معیشت مستحکم ہوگی اور حکومت کو قرضوںسے نجات مل جائے گی۔