پنجاب حکومت کا سو میگا واٹ سستی ترین سولر انرجی کا معاہدہ خوش آئند ہے، ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن

جمعہ 4 ستمبر 2020 14:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2020ء) چیئرمین ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن لاہورا عظم چوہدری نے پنجاب حکومت کی طرف سے چوبارہ ضلع لیہ میں 100میگا واٹ کا ملکی تاریخ کا سستی ترین سولر انرجی معاہدہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب تک کئے گئے تمام معاہدوں میں یہ سستا ترین معاہدہ ہے جس کے تحت کم ترین ٹیرف3.7 سینٹ پر بجلی حاصل ہو گی ، ان خیالات کا اظہار انہوںنے وائس چیئرمین انجینئر خرم کے ساتھ ٹائون شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوںنے کہا کہ حکومت تمام معاہدوں پرمزید نظرثانی کرے اور اسی طرح نجی پاور پلانٹس سے کم ترین ریٹ پر معاہدے کرکے عوام کو سستی بجلی فراہم کی جائے، سینئر وائس چیئرمین ایسوسی ایشن وسیم چاولہ نے کہا کہ مہنگی بجلی صنعتی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت صنعتی شعبہ سمیت ملک بھر میں عوام کو سستی بجلی کی فراہمی یقینی بنائے اور سولر انرجی کے فروغ کیلئے سولر سسٹم پر تمام ٹیکسوں کو ختم کرکے عوام کور عایتی نرخوں پر سبسڈی دے کر سولر پینل کی فراہمی یقینی بنائے۔

اعظم چوہدری نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے کم ترین نرخوں پر 100میگا واٹ سولر انرجی معاہدوں سے سستی بجلی کا حصول ممکن ہوسکے گا اس لیے حکومت اب عوام کو فی یونٹ بجلی سستی کرکے فوری ریلیف فراہم کرے تا کہ صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں کمی سے اشیاء سستی اور برآمدات میں اضافہ سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو سکے۔