محکمہ سماجی بہبود ، زکوٰة و عشر نے تقسیم زکوٰة کے نظام میں شفافیت کیلئے زکوٰة مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کا باقاعدہ آغاز کر دیا

جمعہ 11 ستمبر 2020 15:09

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2020ء) محکمہ سماجی بہبود ، زکوٰة و عشر نے صوبہ میں تقسیم زکوٰة کے نظام میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے زکوٰة مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کا باقاعدہ طور پر آغاز کر دیا۔ مستحقین کو اپ کمپیوٹرائزڈ نظام کے ذریعہ منتخب کیا جائے گا۔ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے حوالہ سے آگاہی فراہم کرنے کیلئے محکمہ کی جانب سے مختلف اضلاع کی ضلعی زکوٰة کمیٹیوں کے چیئرمین، ضلعی زکوٰة آفیسرز ، کمپیوٹر آپریٹرز اور آڈٹ آفیسرز کی باقاعدہ طور پر تربیت شروع کر دی گئی۔

(جاری ہے)

پہلے مرحلہ میں 11 اضلاع کے زکوٰة کمپنیوں کو تربیت دی جا رہی ہے۔ تربیتی ورکشاپ میں شرکاء کو مستحقین کی جانچ پڑتال کرنے اور ڈیٹا انٹری کے حوالہ سے تربیت دی گئی۔ تقریب سے خطاب میں سیکرٹری سوشل ویلفیئر محمد ادریس نے کہا کہ یہ ہم سب کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ نئے نظام کو کامیاب بنائیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام اور ضلعی زکوٰة کمیٹیوں پر زور دیا کہ وہ مستحقین کو ان کا حق پہنچائیں تاکہ لوگوں کا محکمہ پر اعتماد بڑھے۔ انہوں نے کہا کہ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم میں آنے والے تمام تر مسائل کو حل کیا جائے گا۔