سانحہ گجر پورہ کی متاثرہ خاتون نے ملزمان کی شناخت کرلی

وزیراعظم سے مطالبہ کرتی ہوں کہ ملزم عابد اور شفقت کو پھانسی دی جائے، تب ہی میری روح کو سکون ملے گا: خاتون کا بیان

Hassan Shabbir حسن شبیر منگل 15 ستمبر 2020 20:38

سانحہ گجر پورہ کی متاثرہ خاتون نے ملزمان کی شناخت کرلی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 ستمبر2020ء) سانحہ گجر پورہ کی متاثرہ خاتون نے ملزمان کی شناخت کرلی ، خاتون کا کہنا ہے کہ وزیراعظم سے مطالبہ کرتی ہوں کہ ملزم عابد اور شفقت کو پھانسی دی جائے، تب ہی میری روح کو سکون ملے گا۔ تفصیلات کے مطابق سانحہ گجر پورہ کی تفتیش کے دوران اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرہ خاتون نے ملزمان شفقت اور عابد کی شناخت کر لی ہے۔

منگل کے روز ملزمان کی شناخت پریڈ کے لیے جیل میں خصوصی انتظام کیا گیا تھا تاہم خاتون نے جیل میں آنے سے انکار کر دیا جس کے بعد خاتون کو ملزمان کی تصاویر بھیجی گئیں۔ متاثرہ خاتون نے تصاویر دیکھ کر ملزمان کی شناخت کر لی اور پھر وزیر اعظم عمران خان سے ملزمان کو پھانسی کی سزاء دینے کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ ملزمان کو پھانسی کی سزا دینے سے ہی ان کی روح کو سکون ملے گا، ان کے ساتھ ہونے والے ظلم و جبر کا ازالہممکن ہو سکے گا۔

ایسے ملزمان کے لیے کوئی بھی نرمی برتنے کی ضرورت نہیں ہے، انہیں سخت سے سخت سزا ملنی چاہے۔ خیال رہے کہ منگل کے روز انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ موٹروے کے ملزم شفقت کے ریمانڈ پر سماعت کی تھی ،ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔ دوسری جانب سانحہ موٹروے کا مرکزی ملزم عابد تاحال مفرور ہے جبکہ ملزم شفقت جو عابد کا ساتھی تھا پولیس کی گرفت میں ہے۔

ملزم شفقت نے اعتراف جرم بھی کیا ہے اور عابد کا شریک جرم ہونے کا بھی اعتراف کیا۔ ملزم شفقت نے دوران حراست پولیس کو دیے گئے بیان میں سانحہ گجر پورہ کی واردات کی تمام تفصیلات بیان کیں۔ اس کیس میں ملوث ایک اور ملزم اقبال عرف بالا کو بھی منگل کے روز گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس اور حکومت پنجاب کا دعویٰ ہے کہ مرکزی ملزم عابد علی کو ٹریس کیا جا رہا ہے، اسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔