مریم نواز نے ایف بی آر کے نوٹس کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا

ایف بی آر کی جانب سے 6 لاکھ 57 ہزار کے انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کے نوٹسز بھجوائے گئے ہیں‘قانون کے مطابق سارے ٹیکس اداکررہی ہوں.مریم نواز

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 16 ستمبر 2020 12:42

مریم نواز نے ایف بی آر کے نوٹس کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16 ستمبر ۔2020ء) مریم نواز نے ایف بی آر کے نوٹس کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے‘تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ایف بی آر کے انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کے نوٹس کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے، انہوں نے لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی ہے.

(جاری ہے)

مریم نواز نے اپنی درخواست میں موقف پیش کیا ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے 6 لاکھ 57 ہزار کے انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کے نوٹسز بھجوائے گئے ہیں، جبکہ میں قانون کے مطابق سارے ٹیکسز ادا کر رہی ہوں، تمام ٹیکسز ادا کرنے کے باوجود ایف بی آر نے ریکوری کے نوٹس بھجوائے ہیں، درخواست میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے بھی ریکارڈ کا درست جائزہ لیے بغیر درخواست خارج کردی تھی‘ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ ایف بی آر کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹسز اور سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے. مریم نواز نے اپنی درخواست میں ایف بی آر سمیت دیگر کو فریق بنایا ہے لاہور ہائیکورٹ کا دو رکنی بینچ آج مریم نواز کی درخواست پر سماعت کرے گا.