انسداد دہشتگردی ترمیمی بل سینیٹ سے مسترد

انسداد دہشتگردی ترمیمی بل کے حق میں31 ووٹ جب کہ مخالفت میں 34 ووٹ پڑے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 16 ستمبر 2020 13:11

انسداد دہشتگردی ترمیمی بل سینیٹ سے مسترد
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 ستمبر 2020ء) سینیٹ اجلاس میں انسداد دہشتگردی تیسرا ترمیمی بل مسترد ہو گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی ترمیمی بل سینیٹ سے مسترد ہو گیا۔ا نسداد دہشتگردی ترمیمی بل کے حق میں31 ووٹ جب کہ مخالفت میں 34 ووٹ پڑے ۔پاکستان پیپلز پارٹی،پاکستان مسلم لیگ ن اور اپوزیشن جماعتوں نے بل کی مخالفت کی۔سینیٹ کا اجلاس جمعہ کی صبح ساڑھے 10 بجے تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اینٹی ٹیررزازم ایکٹ میں ترمیم کا بل سینیٹ کی متعلقہ کمیٹی کو بھجوادیا۔ منگل کو قومی اسمبلی نے اس بل کی منظوری دی جس کے بعد سینیٹر سجاد طوری نے یہ بل سینیٹ میں پیش کیا۔ منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر سجاد طوری نے ضمنی ایجنڈے کے طور پر اینٹی ٹیررازم ایکٹ میں ترمیم کے لئے بل پیش کیا۔

(جاری ہے)

بل پیش ہونے کے بعد سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ یہ بل ابھی قومی اسمبلی میں بلڈوز ہوا ہے، اب یہ یہاں لایا گیا ہے، یہ حساس قانون سازی ہے، اس طرح عجلت میں نہ لایا جائے، قومی اسمبلی میں ایک منٹ سے بھی کم وقت میں یہ بل منظور کر لیا گیا۔

پارلیمان کو اس طرح بے توقیر نہ کریں، طریقہ کار اختیار کریں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یہ بل کمیٹی کو بھجوائیں گے، ہائوس بزنس ایڈوائزری میں اس حوالے سے طے ہوا تھا۔ سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ ایڈوائزری کمیٹی میں کو آپریٹو سوسائٹیز کے بل کے حوالے سے بات ہوئی تھی، اس بل کے بارے میں طے نہیں تھا، اسے کل ایجنڈے پر لے لیں۔ سینیٹر اعظم سواتی نے کہا کہ یہ قومی مسئلہ ہے، فیٹف کے مسئلے پر سیاست نہیں کرنی چاہیے، قومی اسمبلی نے بل کی منظوری دی ہے، ہمیں یگانگت سے اس کی منظوری دینی چاہیے، اپوزیشن حالات کی نزاکت کو سمجھے، بل کمیٹی کو بھجوا دیا جائے۔

سینیٹر مولانا عطاء الرحمن نے کہا کہ پارلیمانی تقاضے پورے کئے بغیر اس طرح عجلت میں قانون سازی نہ کی جائے، یہ پارلیمان کی بے توقیر ہو گی۔ چیئرمین نے بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا