آئی جی پنجاب کا موٹروے پر انٹیلی جنس طرز کے سرچ آپریشن کا حکم

2011 سے اب تک ہونے والی وارداتوں اور گرفتار ہونے والے ملزمان کی مکمل تفصیلات طلب کرلی گئیں

Sajid Ali ساجد علی بدھ 16 ستمبر 2020 13:40

آئی جی پنجاب کا موٹروے پر انٹیلی جنس طرز کے سرچ آپریشن کا حکم
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 ستمبر2020ء) موٹر وے زیادتی کیس کے بعد آئی جی پنجاب نے موٹروے پر انٹیلی جنس طرز کا سرچ آپریشن کرنے کا حکم دے دیا ۔ میڈیا ذرائع کے مطابق آئی پنجاب انعام غنی کی طرف سے حکم دیا گیا ہے کہ موٹر وے کے اطراف میں متحرک تمام گینگ کے خلاف کارروائی کی جائے ، موٹر وے اور ہائی وے سے ملنے والی فون کالز پر فوری جواب دیا جائے ، شہریوں کی حفاظت کیلئے تمام وسائل کا استعمال کیا جائے ، آئندہ اس حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔

بتایا گیا ہے کہ آئی جی پنجاب کی طرف سے 2011سے اب تک ہونے والی وارداتوں اور گرفتار ہونے والے ملزمان کی مکمل تفصیلات طلب کرلی گئیں ، سنگین وارداتوں میں ملوث ملزمان کی مانتوں کا ریکارڈ بھی مانگ لیا گیا ، اس سلسلے میں تفصیلات کے حصول کیلئے تمام افسران کو پروفارما بھی بھجوا دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ آئی جی پنجاب کارکردگی دکھائیں گے تو عہدے پر رہیں گے، سی سی پی اولاہور پر بڑا شور برپا ہوا، عمر شیخ کو اس لیے تعینات کیا کہ پولیس قبضہ گروپوں سے ملی ہوئی تھی۔

نجی ٹی وی کو خصوصی انٹرویو میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سانحہ موٹروے نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ بچوں کے سامنے جو ہوا اس سے صدمہ پہنچا۔ جنسی زیادتی کے ملزمان کو سرعام پھانسی دی جانی چاہیے۔ جنسی زیادتی کے مرتکب ملزمان کو عبرت ناک سزائیں دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ آئی جی کارکردگی دکھائیں گے تو عہدے پر رہیں گے۔ سی سی پی او پر بڑا شور برپا ہوا۔ عمر شیخ کو اس لیے تعینات کیا کہ پولیس قبضہ گروپوں سے ملی ہوئی تھی ۔ یاد رہے کہ وزیراعظم کے اس بیان کے بعد آئی جی پنجاب کی طرف سے موٹروے پر انٹیلی جنس طرز کا سرچ آپریشن کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے ۔