نامعلوم شخص کی جانب سے ریکن نامی مہلک زہر وائٹ ہاؤس بھیجے جانے کا انکشاف

وائٹ ہاؤس کو ارسال کیے جانے والے پیکیج میں موجود زہر سے امریکی صدر کو نشانہ بنانا مقصود تھا، تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت کارروائی سے حالات قابو میں رہے: رپورٹ

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر اتوار 20 ستمبر 2020 04:59

نامعلوم شخص کی جانب سے ریکن نامی مہلک زہر وائٹ ہاؤس بھیجے جانے کا انکشاف
واشنگٹن (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 ستمبر 2020ء) نامعلوم شخص کی جانب سے ریکن نامی مہلک زہر وائٹ ہاؤس بھیجے جانے کا انکشاف۔ وائٹ ہاؤس کو ارسال کیے جانے والے پیکیج میں موجود زہر سے امریکی صدر کو نشانہ بنانا مقصود تھا، تاہم اس ہفتے کے شروع میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت کارروائی سے حالات قابو میں رہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر کو مہلک زہر کے ذریعے نشانہ بنانے کا انکشاف ہوا ہے۔

امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس کے نام ارسال کیے جانے والے ایک پیکیج میں زہر کی موجودگی ظاہر ہوئی ہے جو کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تک پہنچنے والا تھا۔ خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایف بی آئی اور خفیہ ادارے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ سی این این نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دو نامعلوم عہدیداروں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ پیکیج میں سے ملنے والے مواد کے ابھی تک دو ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جس یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ اس میں ریکن نامی زہر موجود ہے۔

(جاری ہے)

 
واضح رہے کہ امریکی صدر پر اس نوعیت کے حملے پہلے بھی ہو چکے ہیں۔ خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یہ یہ پہلا موقع نہیں کہ جب صدر ٹرمپ کو ریکن نامی جان لیوا زہر سے نشانہ بنایا گیا ہے، بلکہ اس سے قبل 2018ء میں بھی صدر ٹرمپ اور اعلیٰ فوجی عہدیداروں کو پینٹاگون میں زہر آلود خطوط بھیجے گئے تھے۔