ثابت ہوا سانحہ بلدیہ سے تعلق نہیں، ایم کیو ایم پاکستان

سماج دشمن اور قانون شکن عناصر کی سرپرستی کی پالیسی نہ پہلے تھی نہ آئندہ ہو گی،ترجمان

منگل 22 ستمبر 2020 17:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2020ء) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ روف صدیقی کی بریت سے ثابت ہوتا ہے کہ سانحہ بلدیہ ٹاون کیس سے ایم کیو ایم کا تعلق نہیں تھا۔کراچی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے سانحہ بلدیہ ٹاون کیس کا فیصلہ سنائے جانے کے حوالے سے ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان نے ایک بیان کے ذریعے اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ روف صدیقی کی بریت سے ثابت ہوتا ہے کہ کیس سے ایم کیو ایم کا تعلق نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ سانحہ بلدیہ کے لواحقین سے ہمدردی ہے، متاثرین کو 8 برس تک فیصلے کا انتظار کرنا پڑا۔ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے کا کہ امید ہے کہ اعلی عدالتیں بلدیہ فیکٹری کیس کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں گی۔متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سماج دشمن اور قانون شکن عناصر کی سرپرستی کی پالیسی نہ پہلے تھی نہ آئندہ ہو گی۔