سرحدچیمبر کاضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل سوار کو پٹرول ڈالنے پر بھاری جرمانہ اورتشدد پر شدید تحفظات

منگل 22 ستمبر 2020 23:55

سرحدچیمبر کاضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل سوار ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2020ء) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر مقصود انور پرویز نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل سوار کو پٹرول ڈالنے پر بھاری جرمانہ ‘ تشدد کے واقعات ‘ پٹرول کے پیمانے کی آڑ میں بے جا تنگ کرنے ‘ ڈکیتی کے واقعات اور لوٹ مار پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ۔ یہ بات انہوں نے گذشتہ روزسرحد چیمبر کی پٹرولیم سٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پٹرول سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین منصور شریف ‘ سینئر وائس چیئرمین محمد ابراہیم ‘ وائس چیئرمین احسان اللہ مروت ‘ وائس چیئرمین عبدالجلیل جان آفریدی ‘ ممبر حاجی الطاف خان ‘ ماجد ‘ خلیل نعیم خان ‘ عدنان انور ‘ فاروق واجد ‘ حامد شاہ ‘ اشفاق ‘ رضوان ‘ طارق سمیت دیگر ممبران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا ضلعی انتظامیہ کے افسران ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل سوار کو پٹرول ڈالنے کی وجہ سے بھاری جرمانہ کے ساتھ ساتھ ہراساں کرتے ہیںدوسری جانب موٹر سائیکل سوار کوہیلمٹ کے بغیر پٹرول ڈالنے کے انکار پر پمپ منیجر اور عملہ کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔

اجلاس کو مزید کہا گیا کہ بھاری اور غیر قانونی جرمانہ عائد کئے جا رہے ہیں جو کہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہے ۔ اجلاس کے شرکاء نے پٹرول پمپ پر بڑھتے ہوئے ڈکیتی اور پیسے لوٹنے کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت اور پولیس سیکورٹی فراہمی کرنے کے لئے اقدامات کریں ۔ اجلاس کے دوران مطالبہ کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ کے رویے کا فوری نوٹس لیا جائے اور صرف لیبر ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے پٹرول کا پیمانہ چیک کیا جائے اور اس حوالے چار پانچ ڈیپارٹمنٹ کی مداخلت کو فوری ختم کیا جائے۔

اجلاس نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پٹرول پمپ میں قائم باتھ رومز میں صفائی کے نظام کی چیکنگ پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ۔ اجلاس نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹریفک قوانین کو پٹرول پمپ کے ذریعے نافذ العمل کرنے کی بجائے متعلقہ اداروں کے ذریعے نافذ العمل کروائے جائیں ۔ پٹرول کے پیمانے کو چیک کرنے کے لئے لیبر ڈیپارٹمنٹ اور ضلعی انتظامیہ کی موجودگی میں کروایا جائے ۔

انہوں نے کہاکہ پٹرول یمپ پر سیکورٹی کے لئے پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے اور غیر قانونی جرمانہ عائد کرنے اور بے جاتنگ کرنے کا سلسلہ فوری بند کیا جائے بصورت دیگر پٹرول پمپ مالکان اور ڈیلرز بھرپور احتجاج پر مجبور ہوں گے جس کی ذمہ داری ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ افسران پر عائد ہوگی۔اجلاس میں پٹرولیم ایسوسی ایشن کی تنظیم نو اور بحالی پر بھی مکمل اتفاق رائے ہوا۔