ضلعی انتظامیہ انسداد ڈینگی مہم کامیاب بنانے کیلئے متحرک ہے،ڈی سی لاہور

بدھ 23 ستمبر 2020 23:24

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2020ء) ڈی سی لاہور نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ انسداد پولیو مہم کے ساتھ ساتھ انسداد ڈینگی مہم بھی کامیاب بنانے کیلئے متحرک ہے اور تمام انتظامات کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے ہر ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے، ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صفدر حسین ورک ، اسسٹنٹ کمشنرز سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی، اجلاس میں گزشتہ روز کی ڈینگی کارکردگی پر تفصیلی گفتگو اور اہم پیشرفت کی گئی اور زونز کی سطح پر ڈی سی لاہور کو بریفنگ دی گئی،اجلاس میں متعلقہ حکام نے اپنے اپنے علاقوں میں جاری سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا، ان ڈور اور آؤٹ ڈور ڈینگی سروئلنس ، ڈینگی لاروا کی تلفی ، گھروں کی چھتوں، کباڑخانوں اور ایئر کولرز کی چیکنگ کے حوالے سے بتایا گیا، دانش افضال نے ڈینگی ورکرز کی کارکردگی اور حاضری کو سختی سے مانیٹر کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے غیر حاضر سٹاف کیخلاف قانونی کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ ڈینگی مہم کو ہر ممکن کامیاب بنائیں، تمام محکمے ملکر کام کریں اور کہیں بھی پانی کھڑا نہ ہونے دیں، حفاظتی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کروائیں اور ڈینگی سپرے عمل کو جاری رکھیں،انہوںنے کہا کہ عوام بھی ڈینگی کے حوالے سے حفاظتی تدابیر اختیار کریں، گھروں کی چھتوں، ایئر کولرز اور ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں، ڈینگی لاروا کا خاتمہ سب کے تعاون سے ملکر ہی ممکن ہے۔