بچوں میں گلے کی خرابی امراض قلب کاباعث بن رہی ہے، ماہرین قلب

جمعرات 24 ستمبر 2020 14:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2020ء) فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈ یالوجی کے ماہرین امراض قلب نے انکشاف کیاہے کہ بچوں میں گلے کی خرابی امراض قلب کا باعث بن رہی ہے ۔ اس ضمن میں انہوںنے بتایاکہ گلے خراب ہونے سے بچوں میں امراض قلب کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہاہے حتیٰ کہ روزانہ فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں دو سے تین ایسے بچے لائے جا رہے ہیں جو امراض قلب کا شکار ہیں اس طرح یہ شرح انتہائی تشویشناک ہے جس سے صرف نظر نہیں کیاجاسکتا۔

انہوںنے کہاکہ گلے کی خرابی جسے رومینک فیور بھی کہاجاتاہے کو اکثر اوقات والدین یا میڈیکل افسران معمولی مرض سمجھتے ہیں لیکن یہ بیماری معصوم بچوں کے دل کے والو خراب کرنے کا موجب بن رہی ہے جس سے نوبت سرجری تک بھی پہنچ سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ والدین بچوں کے گلے خراب ہونے پر کسی غفلت کامظاہرہ نہ کریں اور بچوں کو فوری مستند ڈاکٹرز سے چیک کروایا جائے۔

انہوںنے کہاکہ بچوں کو بازاری چٹ پٹی ، مصالحے دار ، رنگین ، پیک شدہ اشیاء کھانے کو دینے سے گریز کرناچاہئے نیز تلی ہوئی ، زیادہ ٹھنڈی یا بازاری آئس کریمیں ، غیر معیاری مشروبات بھی بچوں کیلئے زہر قاتل ہیں اس لئے والدین اپنے بچوں کو سختی سے ایسی اشیاء کے استعمال سے روکیں ۔ انہوں نے کہاکہ دل کی بیماریوں سے بچائو کیلئے پرہیز و پیشگی تدارکی اقدامات انسان کو دل کے عارضہ اور بڑی پریشانیوں سے بچا سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :