وزیر اعظم زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت گندم پیداوار میں اضافہ کیلئے منصوبہ پر عملدرآمد جاری ہے، مومنہ وحید

جمعہ 25 ستمبر 2020 12:06

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2020ء) چیئر پرسن سٹینڈنگ کمیٹی فار چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم مومنہ وحید نے کہا ہے کہ (ن) لیگ نے کسانوںکو بنیادی حقوق سے محروم کیا،انہوں نے کسان پیکج کے نا م پر لوٹ مار کی اور ہمیشہ کسانوںکے نام پر سیاست کی،ہم کسانوں کے مفاد کا تحفظ کریں گے، کسانوں کو ان کی محنت کا صلہ دلائیں گے۔ جمعہ کے روز جاری بیان میں انہوںنے کہاکہ گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ کے تحت دئیے گئے اہداف مقررہ مدت میں حاصل کئے جانے کیلئے کوشش جاری ہے، وزیر اعظم زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے لئی12 ارب روپے کی خطیر رقم سے جاری منصوبہ پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ کے تحت امسال کاشتکاروں کو محکمہ زراعت کی منظور شدہ اور کنگی کے خلاف قوتِ مدافعت رکھنے والے بیج کے تھیلے سبسڈی پر فراہم کئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کومحکمہ زراعت کا منظور شدہ اور کنگی کی بیماری کے خلاف قوتِ مدافعت کا حامل بیج1200 روپے فی بیگ سبسڈی پر فراہم کیا جا رہا ہے،اس کے علاوہ اس منصوبہ کے تحت جڑی بوٹیوں کے کنٹرول کے لئے جڑی بوٹی مار زہروںاورکلر زردہ زمینوں کی اصلاح کے لئے جپسم پر50 فیصد سبسڈی بھی دی جا رہی ہے اور کاشتکاروں کو جدید زرعی مشینری( زیرو ٹیلج ڈرل ،ہیپی سیڈرز،ڈرائی سوئنگ ڈرل،شیلو ڈرل،وتر سوئنگ ڈرل،ربیع ڈرل،ویٹ بیڈ پلانٹر اور شیلرز)بھی رعایتی قیمت پر فراہم کی جا رہی ہے ۔