نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ ، سنسنی خیز ایونٹ میں فینز کی کمی شدت سے محسوس ہوگی، بابراعظم

فینز اسٹیڈیم میں نہیں تو کیا ہمارے دِلوں میں تو موجود ہوں گے، حیدر علی اسٹیڈیم میں موجود شائقینِ کرکٹ اپنے شور سے فاسٹ باؤلر کا جوش بڑھاتے تھے، حارث رؤف نئی نسل سے درخواست ہے کہ اپنی پڑھائی کے ساتھ ساتھ ہمارے ٹورنامنٹ کو بھی اسپورٹ کریں، سرفراز احمد کورونا کی وجہ سے فینز اسٹیڈیم میں نہیں آسکتے مگر اپنے گھروں سے اسپورٹ کرسکتے ہیں، شان مسعود تمام کھلاڑیوں کا شائقینِ کرکٹ اور اپنے مداحوں کو پی ٹی وی اسپورٹس پر ایونٹ کی براہ راست نشریات دیکھنے کی درخواست

ہفتہ 26 ستمبر 2020 14:18

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ ، سنسنی خیز ایونٹ میں فینز کی کمی شدت سے محسوس ہوگی، ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2020ء) کورنا وائرس کی وباء کے باعث کھلاڑیوں، شائقین کرکٹ اور تمام آفیشلز کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر نیشنل ٹی ٹونٹی کپ بند دروازوں میں کھیلا جائے گا۔ تیس ستمبر سے اٹھارہ اکتوبر تک کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کے بہترین کھلاڑیوں کیدرمیان سنسنی خیز مقابلے پی ٹی وی اسپورٹس پر براہ راست نشر کیے جائیں گے۔

گزشتہ ہفتے پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ٹی وی اسپورٹس اور آئی میڈیا کیمونیکشن کے ساتھ تین سالہ معاہدے پر دستخط کیے تھے جس کے ثمرات تیس ستمبر سے شائقین کرکٹ کو اپنی ٹی وی اسکرینز پر نظر آنا شروع ہوجائیں گے،معاہدے کے تحت ان تین سالوں میں پی سی بی اپنی پراڈکشن خود کرے گا جو پی ٹی وی اسپورٹس سے نشر کی جائیگی۔

(جاری ہے)

بائیوسیکیور ماحول کے باعث بند دروازوں میں کھیلے جانے والے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں شریک پاکستان کی وائٹ بال کرکٹ کے کپتان بابراعظم، حیدر علی، حارث رؤف، سرفراز احمد اور شان مسعود کو ابھی سے شائقین کرکٹ کی کمی شدت سے محسوس ہونے لگی ہے۔

محدود طرز کی کرکٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ کرکٹ تو کھیل ہی فینز کا ہے کیونکہ یہی تو وہ لوگ ہیں جو ہر اچھے اور برے دن میں ہماری حوصلہ افزائی کرتے ہیں، اس مرتبہ بند دروازوں میں کھیلے جانے والے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں ہمیں شائقین کرکٹ کی کمی شدت سے محسوس ہوگی مگر فینز اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو اپنے گھروں میں ٹی وی کے سامنے بیٹھ کر بھی دیکھ سکتے ہیں۔

بابر اعظم نے کہا کہ وہ پی ٹی وی اسپورٹس کو اس کی نشریات کے آغاز سے فالو کررہے ہیں اور اب یہی چینل انہیں سنٹرل پنجاب کی کٹ پہنے میدان میں اترتے ہوئے براہ راست نشر کریگا، تمام فینز سے درخواست ہے کہ وہ اس مرتبہ اپنے گھروں سے بیٹھ کر اس ٹورنامنٹ کو فالو کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ کی براہ راست نشریات سے جہاں ڈومیسٹک کرکٹ کے معیار میں اضافہ ہوگا تو وہیں پی ٹی وی اسپورٹس کے ناظرین کی تعداد بھی بڑھے گی۔

اپنے پہلے ٹی ٹونٹی کرکٹ انٹرنیشنل میچ میں نصف سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی کرکٹر حیدر علی نے کہا کہ انہوں نے اپنے لڑکپن میں اپنے دوستوں اور اہلخانہ کے ہمراہ بہت سے میچز اسٹیڈیم جاکر دیکھے لہٰذا انہیں اندازہ ہے کہ اس وقت ایک کرکٹ فین کی کیفیت کیا ہوگی، اسی طرح وہ یہ بھی تسلیم کرتے ہیں کہ انکلوژئیرز میں بیٹھے شائقین کرکٹ کا کھیل میں کتنا اہم کردار ہوتا ہے۔

حیدر علی نے کہا کہ بلاشبہ بند دروازوں کے باعث اس مرتبہ فینز اسٹیڈیم کا رخ نہیں کرسکتے مگر وہ وہاں ہمارے دِلوں میں موجود ہوں گے۔ نوجوان بلے باز نے تمام مداحوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اس مرتبہ انہیں اور اس ایونٹ میں شریک ہر کھلاڑی کی حوصلہ افزائی کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لیں اور پی ٹی وی اسپورٹس کی براہ راست نشریات کے ذریعے اپنے پسندیدہ کرکٹرز کو ایکشن میں دیکھیں۔

اپنی تیز رفتار باؤلنگ سے مداحوں کے دل جیتنے والے حارث رؤف کا کہنا ہے کہ وہ اس مرتبہ اسٹیڈیم میں فینز کی کمی محسوس کریں گے کیونکہ فینز میدان میں موجود ہر کھلاڑی کا حوصلہ بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم میں بیٹھے شائقین کرکٹ کا شور کسی بھی فاسٹ باؤلر کے جوش میں اضافہ کرتا ہے مگر فینز سے درخواست ہے کہ وہ اس مرتبہ اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کے لیے پی ٹی وی اسپورٹس لگائیں۔

سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کے مطابق نیشنل ٹی ٹونٹی کپ پاکستان کا ایک اہم ٹورنامنٹ اور بند دروازوں کے باعث اس مرتبہ شائقین کرکٹ کا اسٹیڈیم میں داخلہ بند ہوگا تاہم وہ اپنے تمام فینز سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اس ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے کے لیے گھروں میں ٹی وی اسکرین کے سامنے بیٹھیں اور پی ٹی وی اسپورٹس پر اپنے فیورٹ کرکٹرز کو کھیلتا دیکھیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ خصوصی طور پر اپنی نئی نسل سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اپنی پڑھائی کے ساتھ ساتھ تیس ستمبر سے ملتان میں شروع ہونے والے ہمارے ٹورنامنٹ کو بھی اسپورٹ کریں۔سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود کے مطابق پاکستان کی بین الاقوامی کرکٹ وطن واپس آنے کی سب سے زیادہ خوشی بھی یہی تھی کہ یہاں ہمارے فینز ہمیں اسپورٹ کرنے موجود ہوں گے، جنہوں نے سری لنکا اور بنگلہ دیش کے خلاف میچوں میں ہمیں بھرپور اسپورٹ بھی کیا مگر بدقستمی سے اس مرتبہ کورونا وائرس کی وباء کے باعث فینز ہمارا ڈومیسٹک ٹورنامنٹ دیکھنے اسٹیڈیم میں نہیں آسکتے۔

شان مسعود نے کہا کہ وہ بھی دیگر کھلاڑیوں کی طرح اسٹیڈیم میں شائقین کی کمی کو شدت سے محسوس کریں گے مگر وہ تمام فینز سے درخواست کرتے ہیں وہ اپنے گھروں کی ٹی وی اسکرین پر پی ٹی وی اسپورٹس لگا کر ہمیں اسپورٹ کریں۔