صدرٹرمپ آزاد اور شفاف انتخابات کے نتائج کو تسلیم کریں گے . وائٹ ہاﺅس

ٹرمپ آزاد اور شفاف انتخابات کے نتائج کو تسلیم کریں گے . پریس سیکرٹری کی وضاحت

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 26 ستمبر 2020 14:51

صدرٹرمپ آزاد اور شفاف انتخابات کے نتائج کو تسلیم کریں گے . وائٹ ہاﺅس
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔26 ستمبر ۔2020ء) وائٹ ہاﺅس نے انتقالِ اقتدار سے متعلق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر آزاد اور شفاف انتخابات کے نتائج کو تسلیم کریں گے وائٹ ہاﺅس کی پریس سیکرٹری کیلی مک اینینی نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ صدر ٹرمپ انتخابات میں امریکی عوام کی خواہشات کو قبول کریں گے.

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہی سوال ڈیموکریٹس سے بھی پوچھنا چاہیے چند روز قبل وائٹ ہاﺅس میں ہی صدر ٹرمپ سے جب صحافیوں نے انتخابات میں شکست کی صورت میں انتقال اقتدار سے متعلق سوال کیا تھا تو انہوں نے اس سوال کا واضح جواب دینے سے گریز کیا تھا‘صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ڈاک کے ذریعے ووٹنگ سے لاکھوں ووٹ دھوکہ دہی کی نذر ہو سکتے ہیں اس لیے ہم چاہتے ہیں کہ اس انداز کے بیلٹ سے چھٹکارا حاصل کیا جائے.

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا اگر ایسا نہ ہوا تو اقتدار کی منتقلی نہیں بلکہ اقتدار کا تسلسل ہو گا‘تاہم وائٹ ہاﺅس کی پریس سیکرٹری نے اس بات پر زور دیا کہ صدر ٹرمپ بڑے پیمانے پر بیلٹ ووٹنگ کے امکان سے نجات چاہتے ہیں یاد رہے کہ صدر ٹرمپ ڈاک کے ذریعے ووٹنگ کے عمل پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مسلسل انتخابات کے حوالے سے خدشات کا اظہار کر رہے ہیں.

گزشتہ روز نارتھ کیرولائنا اور کیلی فورنیا کے دورے سے قبل صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے ایک مرتبہ پھر کہا کہ ہم انتخابات کو شفاف بنانا چاہتے ہیں لیکن مجھے یقین نہیں ایسا ہو پائے گا انہوں نے دعویٰ کیا کہ کئی بیلٹس دریا میں پڑے ملے ہیں جن پر ٹرمپ کا نام درج تھا اور وہ ردی کی ٹوکری میں ڈال کر پھینکے گئے تھے. صدر ٹرمپ ریاست کیلی فورنیا، کولوراڈو، ہوائی، نیواڈا، نیو جرسی، اوریگن، یوٹا، ورمونٹ اور واشنگٹن میں ڈاک کے ذریعے ووٹنگ کے منصوبے پر مسلسل تشویش کا اظہار کر رہے ہیں دوسری جانب مڈل ڈسٹرکٹ، پنسلوانیا کے اٹارنی آفس کے مطابق تحقیقات کے دوران نو بیلٹس برآمد ہوئے ہیں جب کہ بہت کم تعداد میں ملنے والے فوجی بیلٹس کو ضائع کر دیا گیا ہے.

امریکی محکمہ انصاف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملنے والے 9بیلٹس میں سے7 صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو کاسٹ کیے گئے تھے جب کہ دیگر دو نامعلوم ہیں ادھر امریکی سینیٹ نے جمعرات کو ایک علامتی قرارداد کی منظوری بھی دی ہے جس میں اراکین نے پرامن انتقالِ اقتدار کو امریکی آئین کا حصہ قرار دیا.