سعودی عرب میں کورونا مریض تیزی سے صحت یاب ہونے لگے

کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد ساڑھے 11ہزار رہ گئی، یومیہ کیسز میں بھی غیرمعمولی کمی آگئی ہے، گزشتہ24 گھنٹے میں403 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ600 مریض مکمل صحت یاب ہوچکے ہیں۔ سعودی وزارت صحت

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 27 ستمبر 2020 21:26

سعودی عرب میں کورونا مریض تیزی سے صحت یاب ہونے لگے
ریاض (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے۔ 27 ستمبر2020ء) سعودی عرب میں کورونا مریض تیزی سے صحت یاب ہونے لگے، کورونا فعال مریضوں کی تعداد ساڑھے 11 ہزار رہ گئی، یومیہ کیسز میں بھی غیرمعمولی کمی آگئی ہے، گزشتہ24 گھنٹے میں403 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ600 مریض مکمل صحت یاب ہوچکے ہیں۔ سعودی وزارت صحت کے مطابق مملکت میں کوروناوباء سے نمٹنے کی بہترین حکمت عملی کے بعد کورونا وباء کا نہ صرف پھیلاؤ کم ہوا ہے بلکہ احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلے برقرار رکھنے کے اقدامات کے باعث یومیہ کورونا کیسزکی تعداد بھی کم ہوگئے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹے میں 403 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جبکہ وسط جون میں کورونا کیسز کی تعداد 5000 تک پہنچ گئی تھی۔ نئے کورونا کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 3لاکھ 33ہزار 193 ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ ملک میں اموات کی تعداد 4 ہزار 683 ہوچکی ہے۔ گزشتہ24 گھنٹے میں600 مریضوں کی صحت یابی کے بعد مجموعی تعداد تین لاکھ سترہ ہزارپانچ ہوگئی ہے۔ جبکہ ملک میں کوروناکے فعال مریضوں کی تعداد ساڑھے 11ہزار رہ گئی ہے۔

دوسری جانب دنیا بھر میں اگر کورونا مریضوں کی تعدا د کو دیکھا جائے تو عالمی سطح پر کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد تین کروڑ انتیس لاکھ کے قریب ہو گئی ہے۔ اس مہلک وائرس کی وجہ سے اب تک تقریباً نو لاکھ پچانوے ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ دو لاکھ چار ہزار سے زائد اموات اور ستر لاکھ سے زائد متاثرین کے ساتھ امریکا اب تک کورونا وائرس کی عالمی وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ امریکا کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے کچھ دیر پہلے تک کے اعداد و شمار کے مطابق اس وائرس سے لگنے والے کووڈ انیس نامی مرض کے اب تک دو کروڑ ستائیس لاکھ سے زائد مریض دوبارہ صحت یاب ہو چکے ہیں۔