زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا انجینئرنگ پروگرامز میں داخلوں کیلئے انٹری ٹیسٹ پاس کرنیوالے اُمیدواروں کیلئے درخواستیں جمع کروانے کیلئے توسیع شدہ شیڈول کا اعلان

اعلان کے مطابق ایسے اُمیدوار جمعہ 09اکتوبر تک اپنی درخواستیں ذاتی حیثیت میں ڈین کلیہ ایگریکلچرل انجینئرنگ و ٹیکنالوجی کے دفتر میں ضروری دستاویزات کے ساتھ جمع کروائیں گے

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 2 اکتوبر 2020 15:06

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا انجینئرنگ پروگرامز میں داخلوں کیلئے انٹری ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 اکتوبر2020ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے انجینئرنگ پروگرامز میں داخلوں کیلئے انٹری ٹیسٹ پاس کرنیوالے اُمیدواروں کیلئے درخواستیں جمع کروانے کیلئے توسیع شدہ شیڈول کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق ایسے اُمیدوار جمعہ 09اکتوبر تک اپنی درخواستیں ذاتی حیثیت میں ڈین کلیہ ایگریکلچرل انجینئرنگ و ٹیکنالوجی کے دفتر میں ضروری دستاویزات کے ساتھ جمع کروائیں گے۔

اس امر کا فیصلہ وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر آصف تنویر کی زیرصدارت منعقد ہونیوالے ڈینز کمیٹی کے خصوصی اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں انڈرگریجوایٹ سطح کے مختلف ڈگری پروگرامزمیں داخلوں کے جملہ اُمور پرغور و خوض کیا گیا۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر آصف تنویر نے کنونیئرایڈمشن کمیٹی ڈاکٹر شہباز طالب ساہی کو ہدایت کی کہ 15اکتوبر تک داخلوں کا عمل مکمل کیا جائے اور اس حوالے سے اوپن میرٹ‘ ایوننگ پروگرام اور تمام کوٹہ جات کی میرٹ لسٹیں جلد جاری کی جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پسندیدہ ڈگر ی پروگرام میں میرٹ پر داخلہ سے محروم رہ جانیوالے اُمیدواروں کو یہ موقع فراہم کیاجائے کہ وہ یونیورسٹی کے دستیاب جملہ پروگرامز میں داخلہ کیلئے متعلقہ ڈین آفس درخواست جمع کروائیں تاکہ انہیں داخلہ کیلئے زیرغور لایا جا سکے۔ انہوں نے ڈائریکٹر گریجوایٹ سٹڈیز کو ہدایت کی کہ صرف شعبہ جات کی طرف سے بھیجی جانیوالی سیٹوں کے مطابق داخلہ یقینی بنایا جائے اور اضافی اُمیدواروں کو سب کیمپسز میں داخلہ کا موقع فراہم کیا جائے تاکہ وہاں شروع کئے گئے پوسٹ گریجوایٹ ڈگری پروگرامز بھی مضبوط بنیادوں پر آگے بڑھائے جا سکیں۔

اس موقع پر کنونیئر ایڈمشن کمیٹی پروفیسرڈاکٹر شہباز طالب ساہی نے بتایا کہ ایسے اُمیدوار جنہوں نے ماضی قریب میں انجینئرنگ ڈگری پروگرامز کیلئے انٹری ٹیسٹ پاس کر رکھا ہے لیکن وہ داخلے کیلئے درخواست جمع نہیں کروا سکے‘ وہ بی ایس سی (ایگریکلچرل انجینئرنگ‘ انوائرمنٹل انجینئرنگ‘ انرجی سسٹم انجینئرنگ اور ٹیکسٹائل ٹیکنالوجی) میں داخلے کیلئے اپنی درخواستیں ذاتی حیثیت میں تمام تعلیمی اسناد‘ ضروری دستاویزات کی مصدقہ نقول‘ پاسپورٹ سائز تصاویرسمیت 1000/-روپے کے بینک ڈرافٹ یا پے آرڈر بنام ٹریژر(Treasurer)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ہمراہ کلیہ زرعی انجینئرنگ و ٹیکنالوجی کے ڈین آفس میں 09اکتوبر 2020ء تک جمع کروائیں گے جبکہ یونیورسٹی میں پسندیدہ پروگرام میں داخلہ سے محروم رہ جانیوالے دستیاب ڈگری پروگرامز میں داخلوں کیلئے متعلقہ ڈین کو درخواست دیں گے۔

یونیورسٹی رجسٹرار عمر سعید قادری نے کہا کہ حکومت کی طرف سے جاری کی گئی ہدایات کی روشنی میں کیمپس کمیونٹی سماجی فاصلے اور ماسک کے استعمال کو یقینی بنائے ہوئے ہے اور صرف ایم فل اور پی ایچ ڈی کے سینئر طلبہ کو ہی کیمپس سرگرمیوں کا حصہ بننے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ حالات میں بہتری آنے تک انڈرگریجوایٹ پروگرامز کے طلبہ کا تعلیمی سلسلہ آن لائن ایجوکیشن کے ذریعے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

اجلاس میں ڈین کلیہ سائنسز پروفیسرڈاکٹر محمد اصغر باجوہ‘ ڈین ایگریکلچرپروفیسرڈاکٹر اسلم خاں‘ ڈین سوشل سائنسز پروفیسرڈاکٹر سرفراز حسن‘ ڈین انجینئرنگ پروفیسرڈاکٹر محمد ارشاد‘ ڈین فوڈ نیوٹریشن و ہوم سائنس پروفیسرڈاکٹر مسعود صادق بٹ‘ پرنسپل سب کیمپس ٹوبہ ٹیک سنگھ ڈاکٹر نثار‘ پرنسپل سب کیمپس بورے والا ڈاکٹر ساجد ندیم‘ پرنسپل دیپالپور ڈاکٹر طارق عزیز‘ پرنسپل آفیسر کمیونٹی کالج پروفیسرڈاکٹر حق نواز بھٹی اور ڈائریکٹر گریجوایٹ سٹڈیز ڈاکٹر اعجاز احمد وڑائچ شریک تھے۔