لاہور چیمبر کا کورونا سے متاثرہ کاروبار کیلئے مراعات پیکیج کا اعلان کرنے کا مطالبہ

جمعہ 2 اکتوبر 2020 18:36

لاہور چیمبر کا کورونا سے متاثرہ کاروبار کیلئے مراعات پیکیج کا اعلان ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2020ء) : لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے مطالبہ کیا ہے کہ معیشت کی جلد بحالی کیلئے کورونا سے متاثرہ کاروبار کیلئے مراعات پیکیج کا اعلان کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح الرحمٰن نے مختلف ایسوسی ایشنز کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔شرکانے کوویڈ19 کی وجہ سے پیدا ہونے والے چیلنجز پر قابو پانے کیلئے حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کیلئے لاہور چیمبر سے مدد مانگی۔

صدر لاہور چیمبر میاں طارق مصباح الرحمٰن نے کہا کہ لاہور چیمبر اس بات سے آگاہ ہے کہ حکومت نے پہلے ہی کاروبار کی بہتری کیلئے کئی اقدامات اٹھائے ہیں لیکن کورونا سے متاثرہ صنعت کو کم سے کم ایک سال کے لئے مزید سہولیات کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ ہماری معیشت اور کاروباری برادری کو اس وقت بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے، کاروباری برادری کا ہر شعبہ اس سے نکلنے اور دوبارہ کاروباری سرگرمیاں شروع کرنے کی بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔

میاں طارق مصباح نے ایف بی آر پر زور دیا کہ وہ پالیسیاں بناتے وقت کاروباری برادری کو اعتماد میں لیں، خاص طور پر وہ پالیسیاں جو کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کرسکتی ہیں، 'ہم نے ہمیشہ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہمیں ایسے فیصلوں میں شامل کرے جس میں معیشت کے متعلق معاملات ہوں کیونکہ ہم کاروباری برادری کو سمجھتے ہیں۔ میاں طارق مصباح نے مزید کہا کہ حکومت وہ پالیسیاں بنائے جو عام طور پر حکومت اور کاروباری برادری کیلئے فائدہ مند ہوں۔