دنیا کی تقریبا 10 فیصد آبادی کورونا وائرس سے متاثرہے،عالمی ادارہ صحت

دنیا کی ایک بڑی اکثریت کے لیے اس کا خطرہ برقرار رہے گا،سربراہ ایمرجنسی آپریشنز مائیک ریان

منگل 6 اکتوبر 2020 12:48

دنیا کی تقریبا 10 فیصد آبادی کورونا وائرس سے متاثرہے،عالمی ادارہ صحت
جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2020ء) عالمی ادارہ صحت نے کہاہے کہ دنیا میں تقریبا ہر دس میں سے ایک شخص کورونا وائرس کے انفیکشن کا شکار ہو سکتا ہے اور ڈبلیوایچ او نے متنبہ کیا کہ آنے والے دن سخت ہوں گے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عالمی ادارہ صحت (ڈبلیوایچ او)نے بتایا کہ اس کے انتہائی محتاط اندازے کے مطابق دنیا میں ہر دس میں سے ایک شخص کورونا وائرس سے متاثر ہو سکتا ہے۔

یہ تعداد موجودہ مصدقہ کیسز کی تعداد سے بیس گنا زیادہ ہے۔ اب تک ساڑھے تین کروڑ سے زیادہ افراد کووڈ 19 سے متاثر ہو چکے ہیں۔ڈبلیو ایچ او کے ایمرجنسی آپریشنز کے سربراہ مائیک ریان نے کہا کہ ہمارے موجودہ انتہائی محتاط اندازوں سے پتہ چلتا ہے کہ پوری دنیا کی آبادی کا تقریبا 10فیصد اس وائرس سے متاثر ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ریان کا مزید کہنا تھاکہ یہ مختلف ملکوں میں مختلف ہو گا، شہروں اور گائوں میں مختلف ہو گا، مختلف گروپوں میں الگ الگ ہو گا۔

لیکن یہ حقیقت ہے کہ دنیا کی ایک بڑی اکثریت کے لیے اس کا خطرہ برقرار رہے گا۔ان کا مزید کہنا تھا ہم ایک مشکل دور کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ یہ بیماری مسلسل پھیلتی جارہی ہے۔انہوں نے بورڈ سے کہا کہ یہ وبا اب جنوب مشرقی ایشیا کے مختلف حصوں میں پھیل رہی ہے جبکہ یورپ کے کئی حصوں اور مشرقی بحیرہ روم کے خطے میں بھی اس وبامیں اضافہ ہو رہا ہے۔