نوجوان کسی بھی قوم کی ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہوتے ہیں ،قوم کی تعمیر ،معاشرے کی ترقی میں ان کا بڑا کردار ادا ہے، سینیٹر رحمن ملک

دنیا کا کوئی ملک تب تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک وہ نوجوان نسل کو تعلیم عام نہ کرے ، نوجوانوں کو مساوی تعلیم و ہر شعبے میں مساوی مواقع دینے کی ضرورت ہے، سٹوڈنٹ یوتھ کونسل کے ممبران سے گفتگو

منگل 6 اکتوبر 2020 18:34

نوجوان کسی بھی قوم کی ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہوتے ہیں ،قوم کی تعمیر ،معاشرے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء وسابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ نوجوان کسی بھی قوم کی ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہوتے ہیں ،قوم کی تعمیر اور معاشرے کی ترقی میں بہت بڑا کردار ادا کرتے ہیں،دنیا کا کوئی ملک تب تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک وہ نوجوان نسل کو تعلیم عام نہ کرے ، نوجوانوں کو مساوی تعلیم و ہر شعبے میں مساوی مواقع دینے کی ضرورت ہے ۔

منگل کو سٹوڈنٹ یوتھ کونسل کے ممبران نے سینیٹر رحمان ملک سے پارلیمنٹ ہاوس میں ملاقات ہوئی ۔ کونسل کے ممبران میں ملک کے مختلف یونیورسٹیز کے طلباء طالبات شامل تھے۔ طلبہ و طالبات پاکستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھتے تھے۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کی ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہوتے ہیں اور نوجوان قوم کی تعمیر اور معاشرے کی ترقی میں بہت بڑا کردار ادا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں طاقت ہے کہ وہ کسی ملک کو ترقی کی طرف گامزن ہونے میں مدد کرے اور ملک کے نوجوان قوم کا مستقبل طے کرتے ہیں۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ دنیا کا کوئی ملک تب تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک وہ نوجوان نسل کو تعلیم عام نہ کرے اور پاکستان میں اس وقت نوجوان طبقے کی آبادی سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی آبادی کا 64فیصد سے زائد 30 سال کی عمر سے کم اور 29فیصد سے زائد 15 سال کی عمر کے درمیان ہے اور ہمارے ملک میں نوجوانوں کو آج کل بہت ساری پریشانیوں کا سامنا ہے۔

سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کو مساوی تعلیم و ہر شعبے میں مساوی مواقع دینے کی ضرورت ہے اور نوجوانوں کو تمام سہولیات اور کامیابی کے حصول کیلئے چیلنج لینے کی ترغیب دی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پیشہ ورانہ تربیتی اداروں کو قائم کرکے نوجوانوں کو مزید مواقع فراہم کرنے ہیںاور نوجوان اپنے مستقبل کا تعین کرے اور مقصد کے حصول کیلئے دن رات محنت کرے ۔

سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ معاشرے میں منشیات کی روک تھام و دیگر برائیوں کے خاتمے کے لئے نوجوان نسل اپنا کردار ادا کرے اور اگر نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو استعمال کرنے کا موقع نہ دیا گیا تو یہ انسانی وسائل کی بہت بڑی ضیاع ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان بنانے میں نوجوانوں نے بہت اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس موقع پرسٹوڈنٹ یوتھ کونسل کے ممبران نے سینیٹر رحمان ملک سے انکو درپیش مسائل بارے آگاہ کیا اور کہا کہ طلبا و طالبات نے نوجوان کو مضبوط کرنے کے لئے ضروری قانون سازی پر زور دیا جائے ۔ سٹوڈنٹ یوتھ کونسل کے ممبران نے سینیٹر رحمان ملک کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ان کو پارلیمنٹ ہاوس آنے اور مسائل پر گفتگو کرنے کا موقع فراہم کیا۔