سیالکوٹ کے بڑے کاروباری رہنماو ں کی پاکستان فرنیچر کونسل کو 3 روزہ میگا انٹیریئرز پاکستان ایکسپو کے سیالکوٹ میں کامیاب انعقاد پر مبارکباد

مشرق وسطی ، وسطی ایشیائی ریاستوں ، لاطینی امریکہ اور روس میں موجودہ مارکیٹوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے‘ قیصر اقبال بریار، فضل جیلانی

بدھ 14 اکتوبر 2020 13:52

سیالکوٹ کے بڑے کاروباری رہنماو ں کی پاکستان فرنیچر کونسل کو 3 روزہ میگا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2020ء) سیالکوٹ کے بڑے کاروباری رہنماو ں نے پاکستان فرنیچر کونسل کو 3 روزہ میگا انٹیریئرز پاکستان ایکسپو کے سیالکوٹ میں کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی ہے۔ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر قیصر اقبال بریار نے چیف ایگزیکٹو پاکستان فرنیچر کونسل میاں کاشف اشفاق سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ کے عوام خاص طور پر بر آمد کنندگان کو پہلی مرتبہ ایک ہی چھت تلے بہترین معیار کی فرنیچر مصنوعات دیکھنے کا موقع ملا ہے جس سے ان کی دلچسپی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

پاکستان کے بہترین انٹیریئر ڈیزائنرز اور فرنیچر مینو فیکچررز نے مقامی فرنیچر انڈسٹری کے فروغ کے لئے اپنی مصنوعات کی نمائش کی۔ قیصر اقبال بریار نے کہا کہ میڈ اِن پاکستان مصنوعات کے لئے نئی ممکنہ منڈیوں کی تلاش اور مشرق وسطی ، وسطی ایشیائی ریاستوں ، لاطینی امریکہ اور روس میں موجودہ مارکیٹوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صنعت کے مجموعی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے اور فرنیچر پروڈیوسرز کو نئی ٹیکنالوجی کی درآمد کے لئے پانچ سال کے لئے بلا سود قرضے فراہم کئے جائیں۔

چیئرمین ایئر سیال فضل جیلانی، چیئرمین پاکستان لیدرگارمنٹس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے حسن علی بھٹی اور سیالکوٹ ایئرپورٹ کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز نعیم جاوید نے کہا کہ انہوں نے دوبار ایکسپو کا دورہ کیا اور ہاتھ سے تیار فرنیچر کے بہترین معیار سے بہت متاثر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ چن ون سمیت تمام مصنوعات کے سٹال انتہائی اعلی تھے اور خریداروں کا ہجوم ایکسپو کی کامیابی کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ برآمدی تجارت کا مرکز ہے جو اپنی برآمدات کے ذریعے 2 بلین ڈالر کما رہا ہے اور بعض مسائل کے باوجود قومی خزانے کو تقویت بخش رہا ہے۔ پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ ایکسپو نے انٹیریئر ڈیزائنرز اور فرنیچر مینوفیکچررز کو صنعت کی ترقی کے لئے مل کر کام کرنے کے مواقع فراہم کیے ہیں جبکہ نوجوان شرکاکو اپنے ڈیزائنز اور مصنوعات کی نمائش کا موقع فراہم کیا ہے۔

انہوں نے سیالکوٹ کے ٹائیکونز اور بڑی کاروباری شخصیات پر زور دیا کہ وہ مقامی فرنیچر انڈسٹریکو بڑے پیمانے پر فروغ دینے کے لئے کام کریں۔ پاکستان وافر اور بہترین وسائل سے مالا مال ہے اور ہمارے لوگ بہترین صلاحیتوں کے حامل ہیں جو ملک کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔ میاں کاشف نے کہا کہ ان نمائشوں کے ذریعہ پاکستان فرنیچر کونسل نے فرنیچر سے متعلقہ تجارت کے موثر انداز میں فروغ، ان کی منڈی کو وسعت دینے اور اس کے نتیجے میں ملکی معیشت کی خدمت کی بنیاد رکھ دی ہے۔

مقامی سطح پر تیار فرنیچر اور دیگر مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک زیادہ سے زیادہ رسائی کے لئے سرکاری اور نجی شعبوں کی مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فرنیچر انڈسٹری میںبہت زیادہ پوٹینشل ہے اور اگر حکومت اس کی سرپرستی کرے تو دو سے تین سال کے اندر اس کا حجم دوگنا بھی ہوسکتا ہے۔ میاں کاشف نے کہا کہ حکومت عالمی سطح پر برآمدات کے فروغ کیلئے تجارتی نمائشوں میں شرکت اور سفر کے لئے آسان اور آسانی سے قابل حصول گرانٹس اور فرنیچر کے کاروبار میں زیادہ واضح انداز میں سپورٹ فراہم کرے۔ میاں کاشف نے نمائش کو سراہنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہئے آئندہ سال کی پہلی سہ ماہی میں سیالکوٹ میں ایک اور ایکسپو منعقد کرنے کی یقین دہانی کرائی۔