”ای پے پنجاب“کے ذریعے صوبائی حکومت کو1 سال میں 10 ارب روپے کا ریکارڈ ٹیکس ریونیو وصول

لاہور رنگ روڈ چالان‘ ای آبیانہ‘ڈومیسائل فیس و دیگر ادائیگیوں کو بھی ای پے پنجاب کیساتھ منسلک کیا جائیگا‘ پی آئی ٹی بی اجلاس

Umer Jamshaid عمر جمشید بدھ 14 اکتوبر 2020 17:41

”ای پے پنجاب“کے ذریعے صوبائی حکومت کو1 سال میں 10 ارب روپے کا ریکارڈ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اکتوبر2020ء) شہریوں کی سہولت کیلئے پی آئی ٹی بی کے محکمہ خزانہ پنجاب کیلئے وضع کردہ سرکاری ادائیگیوں کے آن لائن نظام ”ای پے پنجاب“ کے ذریعے ایک سال میں پنجاب کے 20 لاکھ شہریوں سے حکومت کو 10 ارب روپے سے زائد ٹیکس ریونیو حاصل ہو چکا ہے۔ یہ بات چیئرمین پی آئی ٹی بی اظفرمنظور کی زیرصدارت جائزہ اجلاس میں بتائی گئی۔

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل فیصل یوسف و دیگر افسران شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا کہ گزشتہ پانچ ماہ میں لاہور‘گوجرانوالہ‘فیصل آباد اور ملتان میں ٹریفک چالان کی آن لائن ادائیگی کیلئے شہریوں نے ای پے کی سہولت استعمال کرتے ہوئے 3 کروڑ 57 لاکھ روپے کی رقم چالان کی مد میں جمع کروائی۔ اس سال کے آخر تک پنجاب پبلک سروس کمیشن فیس‘ لاہور رنگ روڈ اتھارٹی چالان‘ ای آبیانہ جبکہ اگلے سال کے ابتدائی ماہ میں ڈومیسائل فیس‘ سینما ڈیوٹی ٹیکس‘کیریکٹر سرٹیفکیٹ فیس‘اسلحہ سرٹیفکیٹ فیس و دیگر سرکاری ادائیگیوں کو بھی ای پے پنجاب کے ساتھ منسلک کر دیا جائے گا۔

فی الوقت شہری 6 محکموں کے 16 مختلف ٹیکس مثلاً ٹوکن وپراپرٹی ٹیکس‘ٹریفک چالان وغیرہ ایک کلک پر مختلف ذرائع مثلاً انٹرنیٹ و موبائل بینکنگ‘اے ٹی ایم و دیگر جدید ذرائع سے ادا کر سکتے ہیں۔