Live Updates

سہیل آفریدی کا 10 جون کو قومی اسمبلی کے سامنے دھرنے کا اعلان

عمران خان سے بجٹ پر مشاورت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 3 جون 2026 15:02

سہیل آفریدی کا 10 جون کو قومی اسمبلی کے سامنے دھرنے کا اعلان
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جون2026ء) خیبر پختونخواہ کے وزیر اعلیٰ سُہیل آفریدی نے صوبائی بجٹ کی تیاری اور پاکستان تحریک انصاف پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی صحت کے معاملے پر اڈیالہ جیل میں ملاقات کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ سُہیل آفریدی نے صوبے کا نیا بجٹ پیش کرنے سے قبل عمران خان سے اڈیالہ جیل میں تفصیلی مشاورت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک باقاعدہ درخواست دائر کر دی ہے، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت متعلقہ حکام کو جیل میں فوری ملاقات کرانے کا حکم جاری کرے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سُہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ عمران خان پی ٹی آئی کے تاحیات چیئرمین ہیں اور ملک کے عوام نے ان کے نام اور بیانیے پر ووٹ دیا ہے، خیبر پختونخواہ میں درحقیقت عمران خان کی حکومت قائم ہے، ہم صوبے کا اگلا بجٹ عمران خان کے معاشی و عوامی وژن کے مطابق ہی پیش کرنا چاہتے ہیں اور اسی سلسلے میں اس اہم ترین ملاقات کی اجازت مانگی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید ظاہر کی کہ عدالت عالیہ اس معاملے میں مداخلت کرے گی اور بانی پی ٹی آئی سے ملاقات پر عائد غیر قانونی رکاوٹیں دور کرنے کا حکم صادر کرے گی کیوںکہ جیل میں طویل قید تنہائی کے عرصہ میں عمران خان کی آنکھ شدید متاثر ہو چکی ہے، ایک سابق وزیراعظم اور ملک کے مقبول ترین لیڈر کے علاج معالجے میں دانستہ رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں اور ان سے ملاقاتوں پر پابندی عائد ہے، جو کہ پوری پارٹی اور عوام کے لیے شدید باعثِ تشویش ہے۔

وفاقی حکومت کے معاشی اقدامات اور رویئے کے خلاف وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ نے فائنل ایکشن پلان کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انشااللہ آنے والی 10 جون کو جب قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس منعقد ہوگا، تو اس موقع پر ہم اس وفاقی بجٹ کے خلاف اور عمران خان کے حقوق کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس کے گیٹ کے بالکل سامنے ایک بڑا احتجاجی دھرنا دیں گے۔
Live بجٹ 27-2026ء سے متعلق تازہ ترین معلومات