میکسیکو میں باراتیوں کو دھڑا دھڑ کرونا وائرس کی تشخیص

میکسیکو کے اداکار کی شادی کی تقریب میں تقریبا 300 افراد نے شرکت کی تھی،وزیرصحت کی گفتگو

بدھ 21 اکتوبر 2020 16:00

میکسیکو میں باراتیوں کو دھڑا دھڑ کرونا وائرس کی تشخیص
میکسیکو سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2020ء) میکسیکو کی ایک شادی کی تقریب میں شریک ہونے والے افراد کی خوشیاں اس وقت ماند پڑ گئی جب تقریب کے ایک تہائی شرکا کو کرونا کی تشخیص ہوگئی۔غیرملکی خبرساں ادارے کے مطابق میکسیکو حکام نے بتایاکہ سرحدی شہر میکسیکالی میں رواں ماہ کے اوائل میں ہونے والی ایک شادی کی تقریب کے شرکا میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک سو تک پہنچ گئی ہے۔

میکسیکو کی ریاست باحا کیلیفورنیا کے وزیر صحت کے مطابق میکسیکو کے اداکار کی شادی کی تقریب میں تقریبا 300 افراد نے شرکت کی تھی۔مقامی میڈیا کے مطابق وزیر صحت کا کہنا تھا کہ تین اکتوبر کو ہونے والی شادی کی تقریب میں ماسک پہننے کی پابندی کو یقینی نہیں بنایا گیا تھا اور نہ ہی مہمانان کے جسم کا درجہ حرارت ماپنے کا کوئی انتظام تھا۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق تقریب کے منتظمین نے کرونا وبا کے دوران اتنی بڑی تقریب منعقد کرنے کی اجازت بھی نہیں لی تھی۔

میکسیکن حکام اس تقریب کی تفتیش میں اس پہلو کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا تقریب میں شریک کسی شخص کو اس بات کا اندازہ تھا کہ اسے کووڈ 19 ہے یا ہو سکتا ہے۔ میکسیکو کی کچھ ریاستوں میں جان بوجھ کر مرض کو پھیلانا جرم شمار ہوتا ہے۔مقامی میڈیا میں شائع ہونے والی تصاویر میں شادی کے شرکا کو ماسک کے بغیر ناچتے دیکھا جا سکتا ہے۔میکسیکو میں کرونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں تقریبا دس لاکھ افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 86 ہزار 300 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :