لاہور شہر کیلئے تحریک انصاف کے پہلے میگا منصوبے کی ریکارڈ مدت میں تکمیل کا امکان

فردوس مارکیٹ انڈر پاس منصوبہ ہر لحاظ سے مکمل کر کے 31اکتوبر کو ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے: لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا اعلان

بدھ 21 اکتوبر 2020 23:24

لاہور شہر کیلئے تحریک انصاف کے پہلے میگا منصوبے کی ریکارڈ مدت میں تکمیل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اکتوبر2020ء) لاہور شہر کیلئے تحریک انصاف کے پہلے میگا منصوبے کی ریکارڈ مدت میں تکمیل کا امکان، فردوس مارکیٹ انڈر پاس منصوبہ ہر لحاظ سے مکمل کر کے 31اکتوبر کو ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی پنجاب حکومت کی جانب سے 2 سال کے دوران لاہور شہر کیلئے شروع کیے گئے واحد میگا پراجیکٹ فردوس مارکیٹ انڈر پاس کے حوالے سے اہلیان لاہور کو خوشخبری سنائی گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ منصوبہ 31 اکتوبر سے آپریشنل کر دیا جائے گا۔ اس حوالے سے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل احمد عزیز تارڑ نے ہدایت کی ہے کہ فردوس مارکیٹ انڈرپاس منصوبہ ہر لحا ظ سے مکمل کر کے 31اکتوبر کو ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے ۔ یہ حکومت کا فلیگ شپ پراجیکٹ ہے، اس میں مزید تاخیر کا کوئی جواز نہیں۔

(جاری ہے)

یہ لاہور کے لوگوں کی آسانی کے لئے شروع کیا گیا ہے‘ بارشوں کی وجہ سے اس کی تکمیل میں تاخیر ہوئی جس پر شہریوں سے معذرت خواہ ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ منصوبہ پر کام دن رات اور عید کے موقع پر بھی جاری رہا۔ پوری ٹیم نے بہت محنت سے کام کر کے منصوبے کو اس مقام تک پہنچایا ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبہ جلد از جلد مکمل کر نے کے لئے کام کے معیار پر سمجھوتہ نہ کیا جائے اور اس مقصد کے لئے تعمیراتی سامان کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد کنٹریکٹر کو بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے۔

وہ منصوبے پر جاری کام کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے سائٹ آفس میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔جس میں گورننگ باڈی کے ممبر انجینئر عامر ریاض قریشی ‘چیف انجینئر حبیب الحق رندھاوا، چیف انجینئر ٹیپا عبد الرزاق ‘پراجیکٹ ڈائریکٹر اقرار حسین ‘ ڈائریکٹر فنانس محمد اختر، نیسپاک انجینئر اور کنٹریکٹر کے نمائندے شریک ہوئے ۔ ڈائریکٹر جنرل کو بتایا گیا کہ فردوس مارکیٹ انڈر پاس منصوبے کا مجموعی طور پر 95 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔

منصوبے کی سروس روڈز کا تعمیراتی کام جاری ہے۔انڈر پاس کی بیرل میں اسفالٹ بچھانے کا کام کل شروع کیا جائے گا۔ فردوس مارکیٹ انڈرپاس اور ملحقہ سڑکوں سے آنے والا بارش کا پانی سنبھالنے کے لیے 10خصوصی کنویں تعمیر کر لئے گئے۔ دو مزید کنوؤں کی تعمیر جاری ہے۔