موجودہ کٹھ پتلی نظام کے خلاف کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،جے یو آئی

ہفتہ 24 اکتوبر 2020 22:52

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اکتوبر2020ء) جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق سینئرنائب امیر مولانا خورشید احمد جنرل سیکریٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ مولانا مفتی محمد روزی خان مولانا قاری مہراللہ مولانا شیخ احمد جان اور دیگر نے کہا ہے پی ڈی ایم کے تمام قائدین کو کوئٹہ آمد دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں اور ان کو یہ باور کرانا چاہتے ہیں کہ موجودہ کٹھ پتلی نظام کے خلاف جدوجہد میں شانہ بشانہ ساتھ دینے میں کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کی سطح پر جمعیت کے کارکنان بھرپور افرادی قوت کے ساتھ جلسہ گاہ داخل ہوکر کٹھ پتلیوں کی تابوت میں آخری کیل ٹھونک دیں گے اور آج کا جلسہ حکومت کے خلاف فیصلہ دے کر آگے کی تحریک کو مزید قوت کا باعث ہوگا اس میں جمعیت علما اسلام کے کارکن ہراول دستہ کا کردار ادا کریں گے انہوں نے کہاکہ جمہوری پارٹیوں نے قومی جذبے کاساتھ دیتے ہوئے تبدیلی کا آغاز کردیا ہے انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کے تقدس کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ان کو آئینی حدود میں دیکھنا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ آج پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے زیراہتمام ہونے والے جلسہ عام کو آزادی مارچ کا تسلسل سمجھتے ہوئے اسی جذبے کی تحت نااہل حکومت کے خلاف تحریک منزل پر پہنچ کر دم لے گی انہوں کہا کہ جمعیت علما اسلام پاکستان میں حقیقی تبدیلی اور جمہوریت کے فروغ کے لیے روز اول سے جس موقف پر قائم ہے آج وہ پوری قوم کی آواز بن گئی ہے بہت جلد بیساکھیوں پر کھڑی حکومت دھڑام سے نیچے گرکر زمین بوس ہو جائے گی اور قوم کو ہمیشہ کیلئے عمرونا وائرس سے نجات مل جائے گی جنہوں نے سیاست میں جھوٹ بول بول کر سیاست کانام بدنام کیا انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام کا ہرکارکن ملک کی سلامتی اور استحکام کا ضامن بن کر ملک دشمن حکمرانوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوگا انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے بڑے بڑے جلوس جلسہ میں شرکت کریں گے اس سلسلے میں ہماری تیاری مکمل ہے۔