فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت عالمی امن کو سبوتاز کرنے کی سازش ہے،ذکر اللہ مجاہد

گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر فرانسیسی صدر کی تقریر مسلم امہ کے خلاف اعلان جنگ ہے فرانس سمیت دیگر استعماری قوتیں اپنی مکروہ اور ناپاک حرکتوں سے باز نہ آئیں ،تو دنیا کا امن خطرے میں پڑسکتا ہے،امیر جماعت اسلامی لاہور

پیر 26 اکتوبر 2020 19:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اکتوبر2020ء) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا ہے کہ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت عالمی امن کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے۔ فرانس میں سرکاری سطح پر توہین آمیز خاکوں کی پذیرائی اور فرانسیسی صدر کی جانب سے اس کی حمایت میں تقریر مسلم امہ کے خلاف اعلان جنگ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے اپنے درعمل میں کیا۔

ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ فرانس میں توہین آمیز خاکوں کی مسلسل اشاعت اور اس بار ان خاکوں کی فرانسیسی صدر کی جانب سے پذیرائی نے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا جو ناقابل معافی جرم ہے۔فرانس میں آزادی اظہار کے نام پر حکومتی پشت پناہی میں اسلام اور رسول اللہ کی توہین کی جارہی ہے جو ناقابل برداشت اور کھلی دہشتگردی ہے جس سے پاکستان سمیت پورے عالم اسلام میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آپؐ نے انسانیت کے ساتھ حسن سلوک، رواداری اور مساوات کی جو مثالیں قائم کیں وہ رہتی دُنیا تک کے انسانوں کے لیے ہدایت کا سرچشمہ ہیں۔اسلام سمیت دنیا کے تمام مذاہب میں پاک ہستیوں کی بے حرمتی سنگین جرم سمجھا جاتا ہے۔امن، بھائی چارے اور انسانی حقوق کے دعویدار سوچے سمجھے منصوبے کے تحت توہین رسالتؐ کے بار بار مرتکب ہورہے ہیں جو ناقابل برداشت ہے۔

امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے تمام فرانسیسی مصنوعات کا باضابطہ بائیکاٹ کیا جائے اور سرکاری سطح پر فرانسیسی مصنوعات پر پابندی لگائی جائے۔ فرانس کے ساتھ سفارتی تعلقات کو منقطع کرکے فرانسی سفیر کو ملک بدر کیا جائے۔حکومت پاکستان کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ توہین رسالت کے معاملے پر اقوام متحدہ میں مدعی بنے اور اس مسئلے کو اٹھانے اور عالمی سطح پر قانون سازی کے لیے اسلامی ممالک کی تنظیم کے توسط سے بھی اپنا کردار اداکرے۔