عظیم گلوکار شوکت علی کی طبیعت مزید بگڑ گئی

آرمی چیف کی خصوصی ہدایت پر سندھ سے لاہور سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا

پیر 26 اکتوبر 2020 19:23

عظیم گلوکار شوکت علی کی طبیعت مزید بگڑ گئی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اکتوبر2020ء) اپنے ملی نغموں سے قوم کے لہو کو گرمانے والے لیجنڈ گلوکار شوکت علی کو لاہور کے سی ایم ایچ ہسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ(آئی سو یو) منتقل کردیا گیا۔گلوکار شوکت علی کا علاج سندھ میں جاری تھا لیکن چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی خصوصی ہدایت پر انہیں لاہور کے سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا۔

تاہم شوکت علی کی طبیعت بگڑنے پر انہیں پر انہیں انتہائی نگہداشت یونٹ میں طبی امداد دی جارہی ہے۔ پنجاب کے لوک فنکار شوکت علی جگر کے عارضے میں مبتلا تھے، وہ مہنگا علاج نہی کروا سکتے تھے لیکن اب سندھ کے گمبٹ ہسپتال میں ان مفت جگر ٹرانسپلانٹ ہو رہا ہے۔انہوں نے حکومت سندھ اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا شکریہ ادا کیا تھا۔

(جاری ہے)

جس پر ترجمان حکومت سندھ مرتضیٰ وہاب نے کہا تھا کہ لوگوں کی خدمت ہمارا فرض ہے اور حکومت سندھ کے ہیلتھ پروجیکٹس تمام پاکستانیوں کی خدمت کرتے ہیں۔

ڈاکٹرز کے مطابق گلوکار شوکت علی کے جگر کے عارضے میں کافی پیچیدگی ہے جسے دور کرنے کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔تاہم ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ضعیف العمری، شوگر اور عارضہ قلب کے باعث ان کا لیور ٹرانسپلانٹ نہیں کیا جاسکتا۔گلوکار شوکت علی کے بیٹے عمران شوکت نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے والد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کریں۔شوکت علی کو حکومت کی جانب سے 1990 میں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔گلوکار شوکت علی صوفیانہ کلام اور پنجابی گانوں میں ایک نام رکھتے ہیں 1965 میں گایا جانے والا ان کا ملی نغمہ ’جاگ اٹھا ہے سارا وطن’ آج بھی مقبول ہے۔