ظ* اشتعال انگیز گستاخانہ خاکے عالمی امن کے لئے خطرہ ہیں، مفتی محمد یوسف قصوری

بدھ 28 اکتوبر 2020 23:45

lکراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اکتوبر2020ء) اہل حدیث ایکشن کمیٹی کے سرپرست و مرکزی جمعیت اہل حدیث سندھ کے امیر مفتی محمد یوسف قصوری نے کہا ہے کہ اشتعال انگیز گستاخانہ خاکے عالمی امن کے لئے خطرہ ہیں، فرانس کے انتہا پسند صدر نے آگ اور خون کا جو کھیل رچانے کی کوشش کی ہے وہ خود فرانس اور یورپ کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرانس سے سفارتی تعلقات ختم کر کے، فرانس کی مصنوعات کے بائیکاٹ کا سرکاری اعلان کیا جائے، خطابت جمعہ میں عظمت مصطفیﷺ کا بیان کیا جائے۔

وہ مدرسہ عثمان بن عفان قیوم آباد میں اہل حدیث جماعتوں اور اداروں کے مشترکہ پلیٹ فارم ’’اہل حدیث ایکشن کمیٹی‘‘ کے اہم اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں مولانا افضل سردار، مولانا ارشد علی، مولانا فاروق قصوری، مولانا احسن سلفی، محمد اشرف قریشی، مفتی رفیق سلفی، مولانا مزمل صدیقی، سید عامر نجیب، مولانا نعمان اصغر، رانا عبد العلیم خان، رحمت اللہ کاکڑ، عقیل الرحمن اصلاحی، شرافت حسین اثری اور دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے بعد اہل حدیث ایکشن کمیٹی کے سرپرست مفتی یوسف قصوری نے متفقہ اعلامیہ پڑھ کے سنایا جس کے مطابق اہل حدیث ایکشن کمیٹی کے تحت آئندہ پورے ماہ اندرون سندھ اور کراچی میں ناموس رسالت ﷺاور عظمت صحابہ ؓ کے عنوان سے جلسے اور سیمینارز منعقد کیئے جائیں گے۔ آئندہ چار جمعے اہلحدیث مساجد میں عظمت و شان مصطفیٰ ﷺ کے عنوان سے پڑھائے جائینگے۔

اعلامیے میں عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ تحفظ ناموس رسالت ﷺکے لئے اپنے دلوں میں محبت رسول ﷺ کو پروان چڑھائیں اور اطاعت رسول ﷺ کو اپنا شعار بنائیں۔ اعلامیے میں مسلم حکمرانوں سے اپیل کی گئی کہ وہ دینی غیرت و حمیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے گستاخوں اور ان کی سہولت کار ریاستوں کو ہر ممکن طریقے سے اس قبیح فعل سے روکیں،سفارتی تعلقات کے خاتمے، مصنوعات کے بائیکاٹ سے لے کر طاقت کے استعمال تک ہر ذریعہ بروئے کار لایا جائے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ فرانس میں کثیر تعداد مسلمانوں کی موجود ہے انکے حقوق کے تحفظ کے لئے بھی اسلامی ممالک آواز بلند کریں۔ اعلامیے میں انسانی حقوق کی تنظیموں کے دوہرے معیار کی بھی مذمت کی گئی جنھیں دنیا بھر کے کروڑوں انسانوں کی دل آذاری نظر نہیں آرہی ۔#