محکمہ موسمیات کی کراچی میں طویل سردیوں کی پیش گوئی

شہر قائد میں رواں برس مون سون کی بھی ریکارڈ بارشیں ہوئیں، جبکہ ملک بھر میں موسم سرما کے دوران سردی کی شدت معمول سے زیادہ رہنے کی پیشن گوئی کی جا چکی

muhammad ali محمد علی جمعرات 29 اکتوبر 2020 00:19

محکمہ موسمیات کی کراچی میں طویل سردیوں کی پیش گوئی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اکتوبر2020ء) محکمہ موسمیات کی کراچی میں طویل سردیوں کی پیش گوئی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کراچی میں رواں سال سردیاں طویل ہوسکتی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ کراچی میں آئندہ 2 سے 4 روز کے دوران رات میں موسم سرد رہ سکتا ہے، اور رواں سال سردیاں طویل ہوسکتی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موسم تبدیلی کے عمل سے گزر رہا ہے، موسمِ سرما کے حوالے سے آؤٹ لک نومبر کے پہلے ہفتے میں جاری کیا جائے گا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ شہر قائد میں رواں برس مون سون کی بھی ریکارڈ بارشیں ہوئیں، جبکہ ملک بھر میں موسم سرما کے دوران سردی کی شدت معمول سے زیادہ رہنے کی پیشن گوئی کی جا چکی۔ کچھ ماہرین موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس مرتبہ پاکستان میں موسم سرما کا دورانیہ معمول سے زیادہ ہوگا۔

(جاری ہے)

جبکہ سردی کی شدت بھی بہت زیادہ ہوگی۔ موسم سرما کے دوران کراچی سے لے کر خیبر تک ہر علاقے میں موسم شدید سرد رہے گا۔

ریکارڈ توڑ بارشیں اور برفباری ہوگی۔ خاص کر ملک کے شمالی علاقوں میں معمول سے کہیں زیادہ برفباری ہونے کی توقع ہے، جس کی وجہ سے سردی کی شدت بہت زیادہ ہوگی۔ بتایا گیا ہے کہ لا لینا نامی موسمی پیٹرن کے ظاہر ہونے کی وجہ سے موسم سرما کے دوران سردی کی شدت میں ریکارڈ اضافہ ہوگا۔ لا لینہ سمندری درجہ حرارت میں اتار چڑھاو کی وجہ سے نمودار ہونے والا ایک موسمی پیٹرن ہے جو ہر چند برس بعد نمودار ہوتا ہے، اس موسمی پیٹرن کی وجہ سے ہی موسم سرما کے دوران برفباری اور بارشوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی پاکستان میں سردی کی شدت گزشتہ کچھ برسوں کے مقابلے میں زیادہ رہی تھی۔