خواتین کی مختلف تنظیموں کے زیراہتمام کل محافل میلادالنبیﷺ کا انعقاد ہو گا، ڈاکٹر روبینہ اختر

جمعرات 29 اکتوبر 2020 13:12

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اکتوبر2020ء) ملک بھر کی طرح ملتان میں بھی جمعہ کے روز عیدمیلادالنبیﷺ روایتی جوش وجذبے اور عقیدت واحترام کے ساتھ منائی جارہی ہے۔ زندگی کے دیگر شعبوں کی طرح خواتین کی مختلف تنظیموں نے بھی اس موقع پر محافل میلاد اور سیرت کے موضوع پر تقریبات کا اہتمام کیا ہے۔انجمن ملازمت زراعت پیشہ خواتین، جماعت اسلامی شعبہ خواتین اور پاکستان تحریک انصاف شعبہ خواتین نے اس موقع پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک ا نصاف شعبہ خواتین ضلع ملتان کی صدر ڈاکٹر روبینہ اختر نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ عیدمیلاد النبیﷺ کی تقریبات میں خاص طورپر فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی مذمت کی جائے گی اور فرانسیسی صدر کے رویئے پر شدید احتجاج کیا جائے گا ۔ہم دنیا کو بتادینا چاہتے ہیں کہ اپنے پیارے نبیﷺ کی شان ہمیں اپنی زندگیوں سے بھی زیادہ عزیز ہے اور ہم دنیا کو بتادیں گے کہ اسلام اور ہماری مقدس ہستیوں کی جانب میلی نظر سے دیکھنے والے ہمارے لیے کوئی حیثیت نہیں رکھتے۔