کراچی ،سپر ہائی وے پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

ہفتہ 7 نومبر 2020 22:45

;کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 نومبر2020ء) سپر ہائی وے پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق دوسرا زخمی ہوگیا۔ جبکہ اندھی وحادثاتی طور پر گولیاں لگنے سے دو افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے کے علاقے جنجال گوٹھ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش اور زخمی کو کارروائی کے لئے قریبی اسپتال منتقل کیا۔

پولیس کے مطابق مقتول کے پاس سے شناخت کی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اسکی شناخت ہوسکے تاہم مقتول کی عمر 18 برس کے درمیان ہے جبکہ زخمی کی شناخت 35 سالہ رسول ولد اختر خان کے نام سے ہوئی ہے جس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ علاوہ ازیں موچکو کے علاقے بلدیہ رئیس گوٹھ یار محمد گوٹھ میں حادثاتی طور پر گولی چلنے سے 25 سالہ کامران ولد غلام حسین زخمی ہوگیا جس کو طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال لایا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ پستول کی صفائی کے دوران گولی چلنے سے یوا تاہم واقعہ کی مزید تفتیش کی جارہی ہے۔ادھر شرافی گوٹھ کے علاقے لانڈھی فیوچر کالونی مکان نمبر ایف 208 میں نامعلوم سمت سے آکر لگنے والی گولی سے 28 سالہ عامر سہیل ولد اللہ دتہ زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔#