میزان ڈیجیٹل اکائونٹ اوراسلامک نیا پاکستان سرٹیفکیٹس پر ویبنار کا انعقاد!

بدھ 18 نومبر 2020 18:01

میزان ڈیجیٹل اکائونٹ اوراسلامک نیا پاکستان سرٹیفکیٹس پر ویبنار کا ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 نومبر2020ء) پاکستان کے پہلے اور سب سے بڑے اسلامی بینک میزان بینک نے انسٹیٹیوٹ آف بینکرز پاکستان (IBP)اور سی ایف او کلب پاکستان کے اشتراک سے بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کیلئے نئے متعارف کرائے جانے والے اسلامک نیا پاکستان سرٹیفکیٹس اور میزان روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کے حوالے سے لائیوویبنار کا انعقاد کیا۔

36ممالک کے اہم اداروں، کاروباری ایسوسی ایٹس اور بینکنگ پروفیشنلزنے ویبنار میں شرکت کی ۔ اس وبینار کا مقصدملک میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے حکومتی اقدامات ، اسلامک نیا پاکستان سرٹیفکیٹس اور روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کے حوالے سے بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے خدشات کو دورکرنا تھا۔ روشن ڈیجیٹل اکائونٹ اور اسلامک نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کے ذریعے بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کو ملک میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنے کیلئے حکومتی اقدامات کو سپورٹ فراہم کرنے کیلئے میزان بینک ماضی میںبھی مختلف ویبنارز کا کامیابی کے ساتھ انعقاد کرچکا ہے ۔

(جاری ہے)

ویبنار پینل ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سیماکامل، میزان بینک کے بانی صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان صدیقی، ڈپازٹ پروٹیکشن کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر سید عرفان علی، ویتنام اور لائوس میں پاکستان کے قائم مقام سفیر قمر عباس کھوکھر، ڈی جی آر اے گلوبل ایسوسی ایٹس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر رضوان خان اور سی ایف او کلب پاکستان اینڈ یوکے کے بانی شہزاد ڈھیڈی پر مشتمل تھا۔

ویبنار میںحکومتی اقدامات کے اہم نکات پر تقریباً 30منٹ گفتگو کی گئی اور آخر میں سوال و جواب کاانٹرایکٹو سیشن ہوا۔ اس موقع پر سامعین نے سوالات کے فوری جواب ملنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ویبنار کے انعقاد کو سراہا۔ اس موقع پر 450سے زائد سوالات نوٹ کئے گئے جن کا جواب متعلقہ ٹیموں کے ذریعے دیا جائے گا۔